وطن نیوز انٹر نیشنل

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے بابرقادری ایڈوکیٹ کی شہادت کی مذمت کی ہے

برسلز (پ۔ر)
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں متحرک قانوندان بابرقادری ایڈوکیٹ کی شہادت کی بھرپور مذمت کی ہے۔ایڈوکیٹ بابرقادری کو بدھ کے روز سری نگر کے علاقے حوال میں گولیوں کا نشانہ بنایا۔ حملے کے فوراً بعد انہیں سری نگر کے مقامی سورا ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے بابرقادری ایڈوکیٹ کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ ایڈوکیٹ بابرقادری جموں و کشمیر کے بارے میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے کھلم کھلا ناقد تھے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرتے تھے۔علی رضا سید نے بابرقادری ایڈوکیٹ کی انسانی حقوق کے لیے خدمات کو سراہا اور کہاکہ ہم انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ رب کریم اس شہید کشمیری وکیل کے درجات بلند فرمائے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ شہید قادری ایک نڈر وکیل اور بہادر انسان تھے اور انہوں نےکشمیری قانوندان کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے خاص طور پر کشمیریوں کے حقوق اور ان کی مشکلات کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ ایڈوکیٹ قادری جنہوں نے کشمیریوں کی اچھی زندگی دلوانے کے لیے جدوجہد میں اپنی جان دے دی، کا نام یاد رکھا جائے گا۔
وہ ایک وطن پرست کشمیری تھے اور مسئلہ کشمیر کا پرامن حل اور کشمیریوں کی موجودہ آبرومندانہ زندگی اور خوشحال مستقبل ان کی دلی خواہش تھی۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اس سے پہلے بھی کئی نامور کشمیری شخصیات کو شہید کرچکی ہے لیکن وہ ان گھناؤنے و ظالمانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل عام، بے شمار لوگوں کی گرفتاری اور خاص طور پر حالیہ مہینوں کے دوران کرونا وائرس کی آڑ میں ظلم و ستم اور مسلسل ملٹری لاک ڈاؤن سمیت سخت پابندیوں کا جاری رہنے کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے کہاکہ کہ کشمیری ایک طویل عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس کا وعدہ خود بھارت نے ان سے کیا تھا۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں