وطن نیوز انٹر نیشنل

رپورٹ

امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے بدھ کے روز جس انجیل پر ہاتھ رکھ کر امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا وہ 128 سال پرانی ہے۔

امریکی آئین میں یہ کہیں درج نہیں ہے کہ صدر کو کسی مذہبی کتاب پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھانا ہوگا تاہم اکثر صدور بائبل (انجیل) پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھاتے ہیں، یہ روایت امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن نے شروع کی تھی جو آج تک جاری ہے۔

امریکہ کا ہر صدر تاریخی نوعیت کے بائبل کے نسخوں پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھاتا ہے لیکن جوبائیڈن نے اپنی خاندانی بائبل پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا۔ یہ بائبل ان کے خاندان کے پاس 1893 سے چلی آ رہی ہے۔ ان کے آباؤ اجداد نے آئرلینڈ میں اسے خریدی تھی۔ انجیل کے اس نسخے پر جوبائیڈن کی خاندانی تاریخ بھی درج ہے۔

بی بی سی کے مطابق جوبائیڈن امریکہ کے دوسرے کیتھولک صدر ہیں، ان سے پہلے جان ایف کینیڈی بھی عیسائیوں کے فرقے کیتھولک سے تعلق رکھتے تھے۔ امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ جوبائیڈن جان ایف کینیڈی کی بائبل پر حلف اٹھائیں گے لیکن انہوں نے حلف کیلئے اپنی خاندانی بائبل کا انتخاب کیا۔

جوبائیڈن کے سارے سیاسی کریئر کے دوران یہ بائبل ان کے ساتھ رہی ہے، انہوں نے امریکہ کے نائب صدر کا حلف بھی اسی نسخے پر اٹھایا تھا، اس کے علاوہ ان کے آنجہانی صاحبزادے ہو بائیڈن جب 2007 میں ریاست ڈیلاویئر کے اٹارنی جنرل بنے تھے تو انہوں نے بھی حلف اٹھانے کیلئے اپنی خاندانی بائبل کا انتخاب کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں