وطن نیوز انٹر نیشنل

نیب نیازی گٹھ جوڑ کے باوجود احتساب کا بیانیہ دفن ہوگیا، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے باوجود احتساب کا بیانیہ دفن ہوگیا، عوام کے سامنے چوری اور کرپشن عیاں ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2018 میں آرٹی ایس بیٹھا کر ملک پر کرپٹ ٹولہ مسلط کیا گیا، جس کے وزیراعظم کی ترجیح عوام کے بجائے مافیازکو ریلیف دینا ہے، یہ حکومت نااہل، نالائق،چور اور کرپٹ ہے، کوئی شعبہ ایسا نہیں جس میں کرپشن اور نااہلی نہ ہو۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس صرف اس لئے ہوتے ہیں کس کے خلاف مقدمہ بناناہے، کرائے کے ترجمان صبح و شام ایک خطرناک بیانیہ شروع کرتے ہیں، روز صبح اٹھ کر نوازشریف اور ن لیگ کا راگ الانپا جاتا ہے، نوازشریف کےخلاف کرپشن نہ ملی تو غداری کا بیانیہ لے آئے، جو لوگ عوام کی ترجمانی نہیں کرتے عوام کے مینڈیٹ سے نہیں آئے وہ غداری کے سرٹیفیکیٹ دے رہے ہیں، غداری کا بیانیہ ملک اور جمہوریت کے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں، اب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے باوجود احتساب کا بیانیہ دفن ہوگیا، عوام کے سامنے حکومت کی چوری اور کرپشن عیاں ہوچکی ہے، شہبازشریف پرملتان میٹرو کا الزام لگایا گیا جس کی تردید چینی حکومت نے کردی۔
ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ عوام حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی سزا بھگت رہی ہے، حکومت عوام کی بجائے مافیا کی جیب بھر رہی ہے، پاکستانی عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا جارہاہے، ایک سال میں سبزیوں کی قیمتوں میں پنتالیس فیصد ہوا، چینی چوروں کو ملک سے باہر بھیجنے پر قیمت میں اضافہ ہوتا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کا آٹا جانوروں کوڈالنے کے قابل ہے، حکومت نے چینی، آٹے اور ادویات مافیا کےسامنے گٹھنے ٹیک دیئے، 20 کلو آٹا 1100روپےمیں بیچا جارہا ہے، لوکل گیس کی قیمت ایل این جی سے ذیادہ ہے، ٹماٹر 97، آلو 74، چاول 20 اور مصالحوں کی قیمتوں میں 78 فیصداضافہ ہوچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں