وطن نیوز انٹر نیشنل

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس، سٹریٹجک اثاثوں کے حفاظتی اقدامات پر اظہارِ اطمینان

وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس میں سٹرٹیجک اثاثوں کی حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا25واں اجلاس ہوا، اجلاس سٹرٹیجک پلان ڈویژن کے ہیڈ کوارٹرز میں ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی شرکت کی۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کے اسٹریٹجک اثاثوں کے حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شرکاء تغ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ این سی اے کو خطےمیں جاری تنازعات اور علاقائی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران تربیت کےاعلیٰ معیار، سٹریٹیجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہاگیا جبکہ مقاصد کے حصول میں کوشش کرنے والے سائنسدانوں و انجینئرز کی تعریف کی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ اتھارٹی کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے، پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے اقدامات کو بہتر بنانے کی عالمی کوششوں میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں داخلے بغیر خطے میں سٹریٹیجک استحکام یقینی بنائے گا، پاکستان کی سٹریٹیجک صلاحیتوں کی رفتار اطمینان بخش ہے۔

خطے میں موجودہ تنازعات کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، خطے میں روایتی اور سٹرٹیجک ہتھیاروں کی دوڑ پر این سی اے نے تشویش کا اظہار کیا۔

این سی اے کے مطابق ہتھیاروں کی دوڑ سے پیدا صورتحال خطے میں امن اور سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے، پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان خطے میں اسٹرٹیجک استحکام، امن، سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں