وطن نیوز انٹر نیشنل

پاکستان کی ” لُک افریقہ پالیسی‘‘سے افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ ملے گا ، صدر ڈاکٹرعارف علوی کی صومالیہ کی سبکدوش ہونے والی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان تجارت اور معیشت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،پاکستان کی ” لُک افریقہ پالیسی‘‘ سے تمام افریقی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان میں صومالیہ کی سبکدوش ہونے والی سفیرخدیجہ المخزومی سے الوداعی ملاقات کے دوران کیا۔صدر مملکت نے او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں میں شرکت پر صومالیہ کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نےدونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے میں اضافے کی ضرورت پر زوردیا۔

صدر مملکت نے صومالی پارلیمنٹیرینز کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کی جانب سے پارلیمانی خدمات کے پروگرام سے مستفید ہونے کی دعوت دی ۔صدر مملکت نے کہا کہ صومالی طلبا کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی پاکستانی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہے ،

پاکستان کافی تعداد میں صومالی مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور ان کی اپنے گھروں کو محفوظ واپسی کا خواہاں ہے۔صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر سفیر کی خدمات کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں