وطن نیوز انٹر نیشنل

شمالی وزیر ستان: قافلے پر حملہ، 7 فوجی شہید، جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک :افغان فورسز کی گولہ باری پر ناظم الامور سے احتجاج

دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پرحملہ کردیا ،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرکے 4 دہشت گرد وں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔فائرنگ کے تبادلہ میں 7 جوان شہید بھی ہوگئے ۔ شہدا میں 36 سالہ حوالدارطارق یوسف، 34 سالہ سپاہی سلیمان، 26 سالہ سپاہی جنیدعلی، 27 سالہ سپاہی اعجازحسین، 25 سالہ وقاراحمد، 24 سالہ جوادامیر، 23سالہ سپاہی ارشدعلی شامل ہیں۔حوالدار طارق یوسف کا تعلق فیصل آباد،سپاہی سلیمان وقاص کا تعلق لیہ ،سپاہی جنید علی کا تعلق بھی لیہ،سپاہی اعجاز حسین خیر پور،سپاہی وقار احمد میر پور خاص،سپاہی جواد امیر کا تعلق چکوال،سپاہی ارشد علی کا تعلق صحبت پور سے تھا۔ حملہ پاک افغان بارڈر کے علاقے ایشام میں کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ۔ بہادرجوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کومزیدمضبوط کرتی ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی ، وزیر اعظم شہباز شریف ، آرمی چیف جنرل باجوہ اور سیاسی قیادت نے واقعہ کی مذمت کی اور شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔ دریں اثنا افغان ناظم الامور کو دو اکاؤنٹس پر ڈیمارش دیا گیا۔ سب سے پہلے ، 14 اپریل کو افغان سرحدی فورسز نے ضلع چترال میں پاکستانی فوجی چوکیوں پر بلا اشتعال توپ خانے سے گولہ باری شروع کی۔ پاک فوج کی جانب سے افغان جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔ دوسرا دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنانے کی بارہا درخواستوں کے باوجود افغان بارڈر سکیورٹی فورسز کی طرف سے اشتعال انگیزی بڑھ رہی ہے جو انتہائی تشویشناک اور باہمی تعاون کی روح کے خلاف ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سرحد پار فائرنگ کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔شہبازشریف نے کہا دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔ دہشت گردوں کے خلاف جرات و شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔آصف علی زرداری نے کہا پاک افغان سرحد پر فوج کے کافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت دہشتگردوں کی پناہ گاہیں تباہ اور منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ بلاول نے کہا مادرِ وطن کی حفاظت کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں