وطن نیوز انٹر نیشنل

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا کا مزید 2 روز برطانیہ میں قیام کرنے کا امکان ہے

وزیراعظم اور ن لیگی وزراء نے لندن میں اپنا قیام مزید بڑھا لیا ، شہباز شریف اور وفاقی وزرا کا مزید 2 روز برطانیہ میں قیام کرنے کا امکان ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں لندن جانے والے حکومتی وفد کے قیام میں مزید توسیع کردی گئی ہے اور اب شہباز شریف اور وفاقی وزراء کا مزید 2 روز برطانیہ میں قیام کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، لندن میں موجود وفد آج بھی پارٹی کے قائد نواز شریف سے ملاقات میں ملکی معاملے پر مشاورت کرے گا ۔
دوسری طرف جی این این کے پروگرام ’ خبر ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ لندن میں ن لیگ کے بڑوں کی ملاقات میں نومبر کے مہینے میں ہونے والی ایک اہم تعیناتی پر گفتگو ہوئی ، میں کھل کر یہ بات نہیں کر سکتا مگر اتنا ضرور کہوں گا کہ نوازشریف نے جو موجودہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو لندن طلب کرکے ایک ملاقات کی اس میں نومبر کے مہینے کی خاص ڈسکشن ہوئی ہے ، اسحاق ڈار کے گھر ہونے والے اس اجلاس میں یہ ساری مشاورت ایک سوچی سمجھی اسکیم کے تحت کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں نومبر کے مہینے میں ہونے والی تعیناتی پر بات ہوئی ، جنرل فیض حمید سے متعلق بھی گفتگو ہوئی اور آرمی چیف کا بھی ذکر ہوا ، اس کے ساتھ ساتھ ایک اور جنرل کا بھی ذکر ہوا ، یہ جنرل صاحب گذشتہ کچھ دنوں میں کافی متحرک بھی نظر آئے ۔

قبل ازیں اے آر وائی نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملاقات میں نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو لندن میں چند روز قبل اہم شخصیات سے ملاقات سے متعلق تفصیلات بتائیں ، ملاقات میں طے ہوا کہ معاشی معاملات میں بڑے اور اہم فیصلوں پر اسحاق ڈار کی مشاورت لازمی ہوگی جب کہ نومبر میں اہم تعیناتی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
ملکی معاشی صورتحال پر وزیر خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ہمیں مشکل حالات سے نکلنے کے لیے 300 ارب روپے کی فوری ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سعودی عرب سے 28 فیصد ڈیفر ادائیگیوں پر جلد معاہدہ ہو جائے گا جس کے تحت 2 ارب ڈالر جلد ملیں گے جب کہ آئی ایم ایف سے بھی معاملات آخری مراحل میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں