وطن نیوز انٹر نیشنل

عمران خان کا 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان

تحریک اںصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ملکی خودمختاری کے لیے جتنا وقت بھی اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، ہم جان کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں فوج سے کہتا ہوں وہ نیوٹرل رہے۔

یہ بات انہوں نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلی محمود خان، سابق وفاقی وزرا پرویز خٹک، علی امین گنڈاپور، سابق گورنر شاہ فرمان، عمران اسماعیل، عاطف خان، اسدعمر اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد آزادی مارچ کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا گیا۔

اجلاس کے بعد رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکا نے ہماری حکومت گرانے کی سازش کی، یہ سازش میرے خلاف نہیں پورے پاکستان کے خلاف کی گئی ہے، ہم نے پوری کوشش کی تھی کہ سازش کامیاب نہ ہو لیکن بدقسمتی سے ہم اس سازش کو نہیں روک سکے۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ہمیں ملک دیوالیہ حالت میں ملا، ہماری حکومت اس وقت گرائی گئی جب ملک ترقی کی راہ پر لگ چکا تھا، 8 ماہ قبل حکومت تبدیلی کے لیے امریکا نے کرپٹ ترین لوگوں کو اپنے ساتھ ملایا، نئی حکومت کے لوگوں کا تجربہ صرف کرپشن کرنے، مقدمات ختم کرنے اور انتقام لینے میں ہے، ان کے پاس نہ منصوبہ ہے اور نہ فیصلہ کرنے کی قوت۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ وزیر خارجہ اور عسکری قیادت کی مشاورت سے روس کا دورہ کرنے گیا تھا، ہم نے روس سے تیس فیصد سستے پیٹرول کے لیے بات کرلی تھی جب کہ اس حکومت کی جرات نہیں ہے کہ وہ سستا تیل یا گندم حاصل کرلے، موجودہ حکومت سلامتی کمیٹی سے کہہ رہی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کریں، یہ سارا بوجھ فوج پر ڈالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، میں پوری قوم، اساتذہ، نوجوان، مزدور،کسان، طلبا، وکلا سب کو دعوت دیتا ہوں کہ ظلم اور غلامی کے خلاف آگے آئیں اور مارچ میں شامل ہوں، اس سے زیادہ خودداری کا جنازہ کیا نکلے گا کہ باہر سے حکومت گرادی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں