وطن نیوز انٹر نیشنل

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ووٹ کا حق نہیں چھینا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ‏بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے نئے طریقہ کار کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ پہلے اور موجودہ قانون میں بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کا صرف طریقہ کار طے ہونا ہے۔ پاکستان میں پارلیمنٹ موجود ہے اور آئینی باڈیز موجود ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ووٹ کا حق نہیں چھینا گیا۔

درخواست گزارداؤد غزنوی کی جانب سے وکیل عارف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

Advertisement

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ جو پہلے ترمیم تھی وہ بھی یہی تھی اب والی ترمیم میں زیادہ وضاحت دی گئی ہے۔ لوگ باہر ہیں وہ وہاں سکونت رکھتے ہیں۔ دونوں ترامیم میں ان کے حقوق کو ختم نہیں کررہے۔

وکیل عارف چوہدری نے مؤقف پیش کیا کہ تیس سال سے یہ کام چل رہا تھا اب یہ کام ہوا ہے۔ یہ تو کوئی کہہ نہیں سکتا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں۔

عدالت نے کہا کہ ایک جواب دے دیں بیرون ملک پاکستانی کس حلقے میں ووٹ دیں گے۔

وکیل نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے پاس سارے ادارے آئے تھے انہوں نے کہا ہم تیار ہیں یہ کام کرنے کے لیے۔ سپریم کورٹ نے تمام اداروں کی یقین دہانی کے بعد فیصلہ دیا تھا کہ اس پرعمل کریں۔

وکیل عارف چوہدری نے دلائل میں کہا کہ گزشتہ حکومت میں جو ترمیم ہوئی تھی وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر پورا کررہی تھی جس پرعدالت نے استفسار کیا کہ کتنے پاکستانی بیرون ملک ہیں؟

وکیل نے جواب دیا کہ نوے لاکھ لوگ بیرون ملک مقیم ہیں۔

درخواست گزارامریکا میں مقیم پاکستانی بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عدالت نے درخواست گزارس استفسار کیا کہ امریکا میں کیسے ووٹ ڈالے جاتے ہیں وہاں کا کوئی قانون ہوگا۔

درخواست گزار شہری نے جواب دیا کہ ابھی وہاں کا قانون مجھے معلوم نہیں۔ میں مانسہرہ سے ہوں۔

عدالت نے کہا کہ بادی النظرمیں گزشتہ حکومت کی ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نہیں تھی۔ اب جو ترمیم ہوئی اس میں بیرون ملک پاکستانیوں کا ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزارشہری کو ہدایت دی کہ اس ملک کے آئینی اداروں اور پارلیمنٹ کا احترام کریں۔

عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت تین جون تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں