وطن نیوز انٹر نیشنل

منتخب حکومت کی آئین کے مطابق مدد کرتے رہینگے .ادارے مضبوط ہو رہے ہیں ،دشمن ہماری کامیابیوں سے مایوس ،یقین دلاتا ہو ں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہو گا.، آرمی چیف

لاہور(نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم آئین و قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد کرتے رہیں گے ، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے ، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں، ہمارے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہو نے کے بعد دل شکستہ ہیں اور اسی وجہ سے اب پاکستان کو ہر وقت ہائبرڈ وار کا سامنا ہے ، اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام اور میدانِ جنگ انسانی ذہن ہے ،ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے ،انہوں نے کیڈٹس سے کہاکہ آپ کو بحیثیت ینگ لیڈرز پہلے دن سے اس چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا، آپ کو نہ صرف مایوسی کے اس ماحول میں امید کی کرن بننا ہے بلکہ اپنے جوانوں کو بھی اس پراپیگنڈاسے محفوظ رکھنا ہے ، اصولوں اور روایات پر عمل پیرا ہو کر ہی آپ اس ہائبرڈ وار کا مقابلہ کر سکتے ہیں، ذات پات، مذہب اور لسانیت سے بالاتر ہم سب پاکستان کے سپاہی ہیں، اتحاد ہماری قوت ہے اور ان شائاللہ ہم سب متحد ہیں، ہائبرڈ وارکا مقصد پاکستان میں امید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے اور اس مفروضے کو تقویت دینا ہے کہ یہاں کچھ بھی اچھا نہیں ہو سکتا، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہو گا، پاکستانی قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا ہے اور ان شاء اللہ اب بھی کرے گی،لیکن ہائبرڈ وار کو مثبت تنقید سے نہ ملائیں،ایسی تنقید جس کا بہت شور اور چرچا ہو، وہ شاید اعتماد، محبت اور حب الوطنی کا نتیجہ ہو، لہذا ایسی تنقید پر توجہ دینی چاہئے ، جہا ں تعمیری اصلاح کی ضرورت ہو، اس کا ضرور جائزہ لیں، یہ تنقید دراصل اس بات کا ثبوت ہے کہ بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، عوام، دستور، دستوری روایات اور سب سے بڑھ کر وطن سے عہد ِ وفا ہماری اصل مضبوطی اور طاقت ہے ، آئین ِپاکستان اور قومی مفادات تمام معاملات میں ہمارے رہنما ہیں،پاکستان آرمی نے نہ صرف دہشت گردی کو شکست دی بلکہ فروری2019میں اپنے سے 5گنا بڑے دشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا،پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے ،ہم نے امن کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے اور امن قائم رکھنے کیلئے لہو سے اس کی حفاظت یقینی بنائیں گے ، امن سنگِ میل تو ہے منزل نہیں،معاشی طور پر خود مختار اور نظریاتی مستحکم پاکستان جو قائد کا ویژن ہے اُس کی بنیاد کو ہمیشہ مضبوط کرنا ہے ، دنیا کے بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشتگردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا، دنیا کے بہت سے ممالک ان مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے ، پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،اب وقت ہے کہ متحد ہو کر اور اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں، اسی ہدف کو مد نظر رکھتے ہوئے قائد کے ویژن کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے بھرپور کوششیں کیں، یہ ایک مشکل سفر تھا لیکن اطمینا ن یہ ہے کہ آج ہمارے ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور مل کر پاکستان کی خدمت انجام دے رہے ہیں، آج پاکستان دفاعی حوالے سے ایک مضبوط پاکستان ہے ، ہمیں جس کام کیلئے بھی فرائض سونپے گئے ،بحیثیت قوم ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم اپنے ذاتی اور آرگنائزیشن معاملات سے بالاتر ہو کر ناقابلِ یقین کام کر سکتے ہیں، دہشتگردی کی جنگ ہو یا کوویڈ19 کے خلاف حکمت عملی، ٹڈی دل کے خلاف ردعمل ہو یا سیلابی صورتحال، ہم نے بحیثیت قوم اپنی قابلیت اور اہلیت کو کارکردگی سے ثابت کیا ہے ، پاکستا ن آرمی کو ان تمام قومی کوششوں میں شامل ہونے پر فخر ہے کیونکہ اس قوم نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، بالخصوص جب ہم پاکستان کے دشمنوں کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے ، میری دعا ہے کہ پاکستان ایک خوشحال، مستحکم اور متعین مقام پر پہنچے ،ایک ایسا پاکستان جہاں نہ صرف مسلمان بلکہ اقلیتیں بھی اپنے حقیقی تصور ریاست کو دیکھ سکیں،ہم منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں، تاہم ہمیں احتیاط کا دامن تھامے رکھنا ہے ،آرمی چیف نے پریڈ میں شریک کیڈٹس سے کہا کہ میں آپ کو زندگی کے اس یاد گار دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ ایک ایسی فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو پوری دنیا میں اپنی پیشہ ورانہ اور حربی صلاحیتوں کیلئے جانی اور پہچانی جاتی ہے ، آپ نے اپنے آپ کو ایک عظیم،مقدس اور انتہائی چیلنجنگ پروفیشن کیلئے اہل ثابت کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ یاد رکھیں ا س عظیم قوم اور پاکستان آرمی کے تمام سابق اور آنے والے نشیب و فراز کی ذمہ داری آپ پر ہے ، ان میں بہت سے اتار چڑھاؤ کے واقعات آپ کی پیدائش سے بھی پہلے کے ہوں گے ، آپ چاہے آفیسر ہوں یاجوان، والنٹیئر انڈکشن سے لے کر تمام اکائیوں کے تناسب سے نمائندگی تک،مدرسے کے طالب علم سے لے کر پبلک سکول کے طالبعلم تک، عام آدمی کے بیٹے سے لے کر متوسط وامیر کے بیٹے تک اور سب سے بڑھ کر شہیدوں کے وارث تک سب اس میں شامل ہیں جو دراصل پاکستان کی خوبصورت نمائندگی کر رہے ہیں، اپنی ذمہ داریاں مکمل کرچکنے کے بعد بھی آپ کو پاکستان کی سلامتی، سکیورٹی اور خوشحالی کیلئے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا،یہ آپ کے کندھوں پر پاکستان کی عظیم قوم کی آپ سے محبت اور ذمہ داری کا ایک منفرد انداز ہے ،پاکستا ن میں کوئی بھی کسی اور کے کئے کا جوابدہ نہیں،میں اسے اعزاز سمجھتا ہو ں کہ ہم قوم کے سامنے ایک قابلِ اعتماد اور جوابدہ ادارہ کے طور پر حاضر رہتے ہیں، لہذا تمام کامیابیوں اور چیلنجز کے باوجود جب بھی وطن اور قوم کو ہماری ضرورت پڑی، ہم نے بہترین نتائج کیلئے اپنا آپ پیش کر دیا،پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے ،لیکن پاکستانیوں کے دل بہت بڑے ہیں،پاکستانی قوم ہر مشکل اور ہر چیلنج میں آپ کو اپنے شانہ بشانہ ملے گی اور آپ پر فخر بھی کرے گی اور عزت بھی دے گی،آپ پر فرض ہے کہ مکمل وفاداری اور بے مثال لگن سے ان کے اعتماد پر ہمیشہ پورا اتریں،پاکستانی قوم کا افواج پر اعتماد اور مضبوط رشتہ دراصل ان بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے جو ہمارے غازیوں اور شہیدوں نے اپنے لہو سے رقم کی ہیں، آپ پر لازم ہے کہ اس رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر بناتے جائیں، نظم و ضبط، فرائض کی بجاآوری اور غیر جانب داری آپ کا ہدف ہونا چاہئے ،آپ کو اپنی جوانی کا ایک بڑا حصّہ سخت مشکلات اور بہتر ملکی مستقبل کی آبیاری میں مختص کرنا پڑے گا،اسے مشکل کی بجائے چیلنج کے طور پر قبول کریں،سپاہ گری مشکل راستہ ہے ،جس پر چلنا آسان نہیں،اس راستے میں اپنے آپ کو وقف کرنا پڑتا ہے اور ڈلیور کرنا پڑتا ہے ،واضح رہے کہ پاسنگ آئوٹ پریڈ کے کیڈٹس کا تعلق 142 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 32ویں ٹیکنیکل گریجو ا یٹ کورس، 61 ویں مربوط کورس، 16 ویں لیڈی کیڈٹس کورس اور پہلے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس سے تھا، پاس آؤٹ ہونیوالوں میں فلسطین، مالدیپ، قطر اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے ، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، آرمی چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا اور 142 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے ممتاز کیڈٹس کو ایوارڈز دئیے ، اعزازی شمشیر اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر محمد فاتح کو دی گئی،صدارتی گولڈ میڈل بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر جنید خان کو دیا گیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل مالدیپ کے انڈر آفیسر ناظم نصیر کو دیا گیا، چیف آف آرمی سٹاف چھڑی 32 ویں ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کے کمپنی جونیئر انڈر آفیسر تناوش جبکہ کمانڈنٹ چھڑی 61 ویں مربوط کورس کے سارجنٹ حمزہ طارق، 16 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کمپنی سارجنٹ میجر ادا عروج اور پہلے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کی کمپنی انڈر آفیسر کو دی گئی،مزید برآں چیف آف آرمی سٹاف نے کراچی میں معروف عالم دین مولانا عادل کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف نے مولانا عادل کے قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دشمنوں کی جانب سے پاکستان میں بد امنی پھیلانے کی کوشش قرار دیا ہے ، آرمی چیف نے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے سول انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں