وطن نیوز انٹر نیشنل

گرے لسٹ سے نکلنے کے معیشت، سفارت، سیاست پر مثبت اثرات ہونگے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لئے اور بھی خوش خبریاں آئیں گی۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر شکر ادا کرتے ہیں، اللہ کا شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی، پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیاہے، فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا، افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگرتمام ٹیم کو مبارک دیتا ہوں، آرمی چیف کو کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لئے اور بھی خوش خبریاں آئیں گی۔

وزیر خارجہ

دوسری طرف وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر بیان میں لکھا کہ پاکستان کے عوام کو مبارک ہو۔ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سےباقاعدہ طور پر نکال دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں