وطن نیوز انٹر نیشنل

تحریک کو کنٹینر نہیں روک سکتے، 16 اکتوبر کا جلسہ ضرور ہوگا: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے 16 اکتوبر کو ہر حال میں گوجرانوالہ جلسہ کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‎عمران صاحب ووٹ کو عزت دو، تحریک کو کنٹینر نہیں روک سکتے، 16 اکتوبر کا جلسہ تو ضرور ہوگا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا حکومت ‎جتنا چاہے، پولیس گردی کرے،‎ جتنا چاہے، کنٹینر گردی کرے مگر 16 اکتوبر کا جلسہ ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہا عمران صاحب! گرفتاریاں کریں یا کنٹینرز کے پیچھے چھپیں، وہ سن لیں ‎آٹا، چینی، گیس بجلی کے ستائے عوام کو کنٹینر نہیں روک سکتے، ‎عوام آٹا، چینی، دوائی چوروں کا ہر کنٹینر عبور کرے گی، کرائے کے ترجمان جتنا چاہیں ماتم کریں، ‎عمران صاحب گھر جانے کی تیاری کریں۔

دوسری جانب لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گوجرانوالہ میں بینرز اتارنے اور پکڑ دھکڑ کا کوئی فائد ہ نہیں، انتظامیہ شرارتوں میں مصروف ہے، جلسہ اور قافلے نہیں رکیں گے، اب تک جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، کہا جا رہا ہے کریک ڈاؤن ہوگا، پھر کہا گیا کوئی کریک ڈاؤن نہیں ہوگا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا غداری کا مقدمہ درج کرا کر حکومت خود ہی بیک فٹ پر چلی گئی، حکومت کو نہیں کہا کہ بغاوت کے مقدمے واپس لیں، یہ غداری کے مقدمے اصل میں غداری کے تمغے ہیں، ہر آمرانہ دور میں یہی کچھ ہوا، 72 سال میں پاکستان نے کچھ نہیں سیکھا۔

لیگی رہنما نے کہا گوجرانوالہ جلسہ پی ڈی ایم کے رخ کا تعین کرے گا، کراچی کا 18 اکتوبر کا جلسہ بھی بہت اچھا ہوگا، پیپلزپارٹی نے اچھی تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا مشرف کا مارشل لاء نہ لگتا تو لاہور تا کراچی موٹر وے 2002 تک مکمل ہوچکی ہوتی، سکھر تا حیدرآباد موٹروے کا حصہ ابھی بھی نہیں بن سکا، منصوبوں میں تاخیر سے لاگت بڑھ جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں