وطن نیوز انٹر نیشنل

ای کریڈٹ سکیم چیک تقسیم ، کاشتکاروں کو کھاد ، بیج خریدنے میں دشواری نہیں ہوگی: بزدار

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت پہلی حقیقی کسان دوست حکومت ہے ،پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا گیا،2سال میں شوگر ملوں سے کاشتکاروں کو 99فیصد واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی ہے ، کاشتکاروں کی خوشحالی او رزراعت کے فروغ کے لئے گندم اور گنے کے امدادی نرخ میں خاطر خواہ اضافہ کیاجا رہا ہے ۔ 90 شاہراہ قائد اعظم پرمحکمہ زراعت کے زیر اہتمام کاشتکاروں کو زرعی مشینری کی الاٹمنٹ کے سرٹیفکیٹ اور ای کریڈٹ سکیم کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کاشتکار بھائیوں کی سہولت کے لئے ای کریڈٹ سکیم کے قرضوں کی حد بڑھا دی ہے ، کاشتکار کواب بیج،کھاد اور دیگر زرعی مداخل کے حصول میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، ربیع کی فصل کے لئے ای کریڈٹ سکیم کے قرضوں میں 5ہزار او رخریف کے لئے 10ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے ۔ 2سال میں کاشتکاروں کو 35ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں ،وزیراعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300ارب روپے کاشتکاروں کی خوشحالی او رزرعی ترقی پر صرف کئے جا رہے ہیں ، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور آبپاشی کی سہولتوں میں بہتری لائی جا رہی ہے ،کاشتکاروں کیلئے جدید طریقہ زراعت سے ہم آہنگ کرنے کے لئے زرعی مشینری کا استعمال بے حدضروری ہے ، حکومت پنجاب سبسڈی فراہم کر کے کاشتکارو ں کو جدید مشینری خریدنے کی ترغیب دیتی ہے ،پنجاب میں کاشتکاروں کو 46 کروڑ روپے کی جدید ترین مشینری امدادی نرخ پر فراہم کی جا چکی ہے ۔ 2سال میں 78ہزار ایکڑ بنجر اراضی کو قابل استعمال بنانے سے کاشتکار کی آمدن میں ڈ ھائی ارب روپے اضافہ ہوا۔ محکمہ زراعت مختلف فصلوں کی 80نئی اقسام کی منظوری دے چکا ، پنجاب میں زرعی تحقیق کیلئے 6ارب روپے مختص کئے گئے ، صوبائی وزیرزراعت اور ان کی ٹیم پنجاب کو غذائی خودکفالت کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ پنجاب میں زراعت کا فروغ ملک کی معاشی ترقی کا ضامن ہے ۔ جدید زرعی مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار بڑھے گی اور لاگت میں کمی آئے گی۔ عثمان بزدار نے ویٹ بیڈ پلانٹر، شوگر کین پلانٹر کا معائنہ کیا، آبپاشی کے جدید ترین سپرنکلر، رین گن سپرنکلر، ڈرپ سپرنکلرسولر سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا اورجدید زرعی مشینری و آلات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں