وطن نیوز انٹر نیشنل

کورنگی میں 12 کلومیٹر طویل لنک روڈ کی منظوری

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نومبر کے دوسرے ہفتے میں 39 کلو میٹر طویل ملیر ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کورنگی کے لئے 12 کلو میٹر طویل لنک روڈ کی بھی منظوری دیدی، اس سڑک کا آغاز کریک ایونیو، کورنگی کاز وے انٹر سیکشن سے ہوگا اور یہ پی اے ایف ائرمین گالف کلب پر اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے یہ فیصلہ جمعرات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) موڈ کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے 39 کلومیٹر طویل سڑک ہے جو ملیر ندی کے ساتھ ساتھ تعمیر کی جائے گی۔ یہ چار لین کیریج وے ہوگی اور اس کی اصل تکمیل کا دورانیہ36ماہ ہے لیکن وزیر اعلیٰ نے دو سال میں اس کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ منصوبے میں تین فلائی اوور اور آٹھ انڈر پاس ہوں گے ۔ یہ منصوبہ کے پی ٹی انٹر چینج، قیوم آباد سے شروع ہوگا اور کاٹھور کے قریب کراچی حیدرآباد موٹر وے پر ختم ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے آگاہ کیا کہ وہ اگلے ماہ کے دوسرے ہفتے میں اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کورنگی کے لئے 12 کلو میٹر طویل لنک روڈ کی بھی منظوری دی۔ مراد علی شاہ نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ اس کا جیو ٹیکنیکل انویسٹی گیشن اور ٹریفک سروے مکمل کرے اور اسے پی پی پی موڈ میں یا اے ڈی پی کے ذریعے پیش کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں