وطن نیوز انٹر نیشنل

اساتذہ جامعات میں ریسرچ کلچر کو فروغ دیں،ڈاکٹر زبیر

محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا ہے کہ ہماری جامعات کو یہ دیکھنا چاہیے کہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد بزنس گریجویٹ ہونے کے باوجود کاروبار کرنے کی جانب کیوں مائل نہیں ہورہی جبکہ ملک کی بڑی بڑی کاروباری شخصیات بزنس گریجویٹ نہ ہونے کے باوجود اپنا کاروبار کامیابی کے ساتھ چلا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی کیمپس میں پہلے جناح بزنس اینڈ اکنامک ریسرچ جریدے کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے تمام ڈینز، شعبہ جاتی سربراہان اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ کاروبار زندگی کے دیگر شعبوں کے ساتھ تعلیم کے شعبہ میں میں بھی بڑی تیز رفتار تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ،ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کی بنا پر اب ہم ڈیجیٹل اکانومی کے دور میں داخل ہوچکے ہیں، اس لیے ہمارے اساتذہ کو تعلیم اور انتظامی امور کی انجام دہی کے بعد جامعات میں ریسرچ کلچر کے فروغ دینے پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جناح بزنس اینڈ اکنامکس ریسرچ جریدہ ایک اہم جریدہ ثابت ہوگا جس کے اجرا کا مقصد پوری دنیا میں تحقیقی ثقافت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے جریدے کے مدیر ڈاکٹر محمد معراج اور ان کی ٹیم کو انتہائی اعلیٰ معیار کے جریدے کی اشاعت پر مبارکباد دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں