وطن نیوز انٹر نیشنل


پاک بھارت میچ کے بعد شاہین آفریدی کی تعریفوں کی بھرمار

عرفان آفتاب

20 گھنٹے پہلے20 گھنٹے پہلے

ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی کے بعد کہا کہ پاکستانی پیس اٹیک میں حارث

رؤف کا کردار بلے بازوں میں اسپیڈ اور باؤنسرز سے خوف پیدا کرنا ہے، جبکہ وہ اور نسیم شاہ سوئنگ پر انحصار کرتے ہیں۔

پاکستان کے سپر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی
پاکستان کے سپر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدیتصویر: Eranga Jayawardena/AP Photo/picture alliance

پاکستان کے سپر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی  نے ایک مرتبہ پھر بھارت کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو اپنی تیز رفتار سوئنگ گیند بازی کے ذریعے پویلیئن کا راستہ دکھا دیا۔ انہوں نے سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما  اور دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہونے والے ویراٹ کوہلی کی وکٹ شروع کے اوورز میں ہی حاصل کرلیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے

بعد کوہلی کو آؤٹ کرنے پر کہا، “ویراٹ کوہلی بھارتی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں اور ان کی وکٹ انتہائی اہم ہوتی ہے۔”

شاہین آفریدی نے میچ میں پینتیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔  بھارتی کرکٹ ٹیم 266 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، بارش کی وجہ سے میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔

بولنگ میں پارٹنرشپ

اپنی شاندرا کارکردگی پر شاہین شاہ آفریدی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بولنگ میں پارٹنرشپ کی وجہ سے وہ بھارتی بلے بازوں کی وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں شاہین آفریدی نے کہا، “مکی آرتھر ہمیشہ کہتے ہیں کہ فاسٹ بولر آپ کو ٹورنامنٹ جیتاتے ہیں اور ہم ہمیشہ شراکت داری میں بولنگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا، “پاکستانی پیس اٹیک میںحارث رؤف  کا کردار اپوزیشن بلے بازوں میں تیز رفتار اور باؤنسرز سے خوف پیدا کرنا ہے، جبکہ نسیم شاہ  اور میں سوئنگ پر انحصار کرتے ہیں۔”

مخالفین بھی شاہین کے معترف

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین اور ماہرین نے شاہین شاہ آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے میچ کے دوران ہی ایک ٹویٹ میں لکھا، “شاہین کی جانب سے ہائی کلاس بولنگ۔”

جنوبی افریقہ کے سابق بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ایک ٹویٹ میں لکھا، “شاہین شاہ آفریدی نے شاید اپنی بہترین پرفارمنس بڑے لمحے کے لیے بچا کر رکھی تھی۔”

دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل میں شاہین آفریدی کے اوپننگ اسپیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا “روہت شرما شاہین کی بولنگ کو نا تو پڑھ اور نا ہی سمجھ پا رہے ہیں۔”

ہفتے کے روز بارش کی وجہ سے یہ میچ مکمل نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔ اس طرح پاکستان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے تک پہنچ گیا ہے جبکہ بھارت کو کوالیفائی کرنے کے لیے اپنے اگلے میچ میں نیپال کو شکست دینا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں