وطن نیوز انٹر نیشنل

چاند بی بی روڈ کی بحالی کوتیزی سے مکمل کیا جائے ،ایڈمنسٹریٹر

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ چاند بی بی روڈ کی بحالی و استرکاری کے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے ، تاریخی اہمیت کے حامل اس کوریڈور کے اطراف سول اسپتال، ایس آئی یو ٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی، لیڈی ڈفرن اسپتال اور کئی تجارتی مراکز واقع ہیں لہٰذا اس سڑک کو بہتر بنانے سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور ٹریفک جام کے مسئلے کا سدباب ہوسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاند بی بی روڈ کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور پروجیکٹ ڈائریکٹر چاند بی بی روڈ عبدالصمد، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ چاند بی بی روڈ کی جلد تعمیر کی ہدایت کی ہے کیونکہ یہ ایک اہم سڑک ہے اور یہاں ٹریفک کا حجم بہت زیادہ ہے ، خاص طور پر اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو اس سے سہولت ہوگی اور اس سڑک کی تعمیر کے حوالے سے تاجر برادری کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ چاند بی بی روڈ پر 18 انچ قطر کی سیوریج پائپ لائن ڈالی جارہی ہے ،پرانی لائن بوسیدہ ہوچکی تھی اس لئے اس کی تبدیلی ضروری تھی۔ سیوریج لائن کی تبدیلی واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے تاہم اس اہم سڑک کو سیوریج اوور فلو کے باعث خراب ہونے سے بچانے کے لئے کے ایم سی سڑک کی تعمیر کے ساتھ یہ کام انجام دے رہی ہے جسے ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں