وطن نیوز انٹر نیشنل

ناموس رسالت پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے: خواجہ سعد رفیق

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ناموس رسالت پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، وزیراعظم کو اسلامی ممالک کے سربراہان سے خود رابطہ کرنا چاہیے، دفتر خارجہ فعال کردار ادا کرے، ناموس رسالت کے حوالے سے او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔
لیگی رہنما سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نبی کریمﷺ کی ناموس کا معاملہ ہو یا دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کی بات ہو، ان ایشوز پر ہم ایک ہیں، ایک ریاست کے صدر کی گستاخانہ خاکوں کی حمایت ریاستی دہشتگردی ہے، پاکستان کو اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہیے، عالمی برادری کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر اس معاملے پر متفق ہونا چاہیے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا پاکستان میں دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں، ان کا سر کچلنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، دہشت گرد ہماری سکیورٹی اداروں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کاروائی بلا تفریق جاری رکھنی چاہیے۔
دوسری جانب پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس پر پنجاب بار کونسل کی ہڑتال کے باعث سماعت کو بغیر کارروائی 11 نومبر تک ملتوی کر دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر خواجہ برادران کے خلاف وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں