وطن نیوز انٹر نیشنل

فلسطینیوں کا حق ملنےتک اسرائیل کو تسلیم کرنےکا سوچا بھی نہیں جاسکتا:وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے بارے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو حق ملنے تک ایسا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

وزیراعظم نے یہ بات اپنے زیر صدارت ترجمانوں اور پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال روز بروز بڑھ رہی ہے۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو موجودہ حالات میں جلسے بند کر دینے چاہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑ رہا لیکن لوٹی رقم بچانے کیلئے لوگوں کو کورونا کے رحم وکرم پر چھوڑا جا رہا ہے۔ ایک لیڈر لندن میں چھپ کر بیٹھ گیا ہے۔

عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں قوم کا تماشا بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اپوزیشن کی تحریک کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے حکومت کا نہیں بلکہ عوام اور معیشت کا نقصان ہوگا۔

انہوں نے ایک اہم ایشو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے متعلق قائداعظم کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا۔ فلسطینیوں کو حقوق ملنے تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مفادات کی وجہ سے اپوزیشن کو عوام کی فکر نہیں، جتنے مرضی جلسے کر لیں انھیں این آر او نہیں ملے گا۔ کورونا خطرناک حد تک پھیل رہا ہے، احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا کہ حکومتی اقدامات سےمہنگائی میں کمی ہوئی، اس میں مزید کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں