وطن نیوز انٹر نیشنل

شعبہ تعلیم میں غیر سیاسی رویہ اپنانے کی ضرورت, صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جامعات کو کورونا کے دوران آن لائن ایجوکیشن سسٹم کے ذریعے تعلیمی معیار بڑھانے کا سنہرا موقع ملا ہے ، آن لائن ٹیچنگ کے ذریعے تعلیم کو فروغ دینے کے نئے امکانات کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں سول سوسائٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت حاجی حنیف طیب نے کی۔ وفد نے صدر مملکت کو کراچی کی وفاقی جامعہ اردو سائنس و ٹیکنالوجی کو درپیش انتظامی اور مالی مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے مسائل کو سنا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی نے سستی اور معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ، جامعہ اردو کو بھی چاہیے کہ وہ آن لائن ایجوکیشن سسٹم کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اعلیٰ تعلیم کو مناسب فروغ نہ ملنے کی وجہ سے ملک سے برین ڈرین ہوا اور ہمارے باصلاحیت نوجوان دیگر ممالک میں اعلیٰ تعلیم کیلئے جانے پر مجبور ہوئے ، تاہم موجودہ حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں غیر سیاسی رویہ اپنانے کی ضرورت ہے، جامعہ اردو کو چاہیے کہ وہ اردو زبان کے فروغ کیلئے کام کرے تاکہ اسے میڈیم کے طور پر اپنایا جاسکے اور ایسا سافٹ ویئر ڈیزائن کرے جو تحقیق کے میدان میں چوری(سرقے) کو پکڑ سکے، اردو کے فروغ سے ناخواندگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا طریقہ کار طے ہونا چاہیے، نئی صنعتوں کے قیام کیلئے ون ونڈو آپریشن ضروری ہے، ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے ضروری ہے فریقین کے درمیان رابطے قائم ہوں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت نے ہاتھ ملایا ہے ، منصوبہ بندی اور نئے منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے صنعتکاروں کے درمیان ہم آہنگی اور قربت ضروری ہے ، کے الیکٹرک صنعتی شعبے کو فعال بنانے کیلئے بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور الگ فیڈرز مہیا کرے ۔ کراچی منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مشاورتی کمیٹی کا قیام ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو ترقی دینے سے صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے مابین موثر رابطہ ضروری ہے، نئے منصوبوں کیلئے کنسورشیم کا قیام اہم ہے، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا طریقہ کار طے ہونا چاہئے ، نئی صنعتوں کے قیام کیلئے ون ونڈو آپریشن ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں