وطن نیوز انٹر نیشنل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا لاہور جلسہ رکوانے کی درخواست مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا لاہور جلسہ رکوانے کیلئے شہری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں ایک شہری ندیم سرور نے کرونا وائرس کی دوسری لہر اور تیزی سے بڑھتے کیسز پر پی ڈی ایم کے لاہور میں جلسے کو رکوانے کیلئے درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں وفاقی حکومت، این سی او سی، پی ڈی ایم، لیگ ن، پی پی پی کو فریق بنایا گیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں کوئی ادارے نہیں، آئین کے تحت ان کیخلاف آئینی درخواست قابل سماعت نہیں، سپریم کورٹ کے 2020ء کے فیصلے کے مطابق یہ درخواست قابل سماعت نہیں۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست کے ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض بھی برقرار رکھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ اگر درخواست گزار چاہے تو ترميم کرکے دوبارہ پٹيشن دائر کرسکتا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ہے، حکومتی پابندی کے باوجود پی ڈی ایم اجتماعات کررہی ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن رہی ہے۔

ندیم سرور نے مطالبہ کیا کہ لاہور ہائیکورٹ پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسہ کرنے سے روکے اور کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے طے شدہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف 11 جماعتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ گوجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان میں بھی جلسے کر چکا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں