وطن نیوز انٹر نیشنل

بے نظیر بھٹو کی برسی، گڑھی خدا بخش میں پی ڈی ایم کا جلسہ جاری

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی آج ملک بھر میں منائی جارہی ہے اور اس موقعے پر تعزیتی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقد کیا جارہا جس سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی قیادت کے خطابات جاری ہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین آج بھٹو ہاوس، نوڈیرو سے گڑھی خدا بخش میں شہید بینظیر بھٹو کے مزار پہنچے جہاں وہ جلسے سے خطابات جاری ہیں۔ تاہم طبعیت ناساز ہونے پر سابق صدر آصف علی زرداری کی عدم شرکت پر ان کا بھی جلسہ سے ویڈیو لنک خطاب متوقع ہے۔

24 دسمبر کو سابق صدر آصف زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی اور آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو گڑھی خدا بخش جلسے میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
یہ پڑھیں : مولانا فضل الرحمان نے گڑھی خدا بخش جلسے میں شرکت سے معذرت کرلی

جلسہ میں جے یو آئی (ف) کا پانچ رکنی وفد شرکت کررہے ہیں جس میں عبدالغفور حیدری، سراج احمد خان، عبدالرزاق عابد اور سعود افضل شامل ہیں تاہم پی ڈی ایم کے قائد مولانا فضل الرحمن شرکت نہیں کرسکیں گے اور ان کا خطاب بذریعہ ویڈیو لنک متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کا 9 رکنی وفد مریم نواز کی سربراہی میں رات گئے نوڈیرو میں بھٹو ہاوس پہنچا، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، بی بی فریال تالپور اور شیری رحمان نے لیگی وفد کا استقبال کیا، مسلم لیگ (ن) کے وفد میں مریم اورنگزیب، پرویز رشید، کیپٹن صفدر، محمد زبیر اور مفتاح اسماعیل، شاہ محمد شاہ، ثانیہ عاشق اور مصدق ملک شامل ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے جلسے کے بعد پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں بھٹو ہاوس، نوڈیرو میں عشائیہ بھی دیا جائے گا جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے کل پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔

گڑھی خدا بخش میں جلسہ کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے اور ملک بھر سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی قیادت میں قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں