وطن نیوز انٹر نیشنل

دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے،شیخ رشید احمد

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایف سی اہلکاروں نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بلوچستان میں دہشتگرد کارروائی پر بات کی اور کہا کہ پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اندرونی وبیرونی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں بہت کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ دشمن اس علاقے میں پریشانی پیدا کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ ناکام ہونگے۔ انہوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ایف سی کے شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ جلد ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ ہوگا۔

وفاقی وزیر فواد چودھری کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی جانب سے شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان شہدا کے لہو کا قرض دار ہے۔ ان شہدا کے لہو سے ہی پاکستان کا گلشن آباد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ ہمارے شیر جوانوں کی قربانیوں رائیگاں نہیں جائیں گی، فتح عوام کی ہوگی۔

فواد چودھری نے کہا کہ وزارت دفاع اور وزارت خارجہ نے دنیا میں بھارت کو بے نقاب کیا۔ ڈوزیئر کے حوالے سے وزارت دفاع اور فاران آفس بھرپور کام کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی ہرنائی میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

عثمان بزدار نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ شہید جوان ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دے کر وطن میں امن قائم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پاکستانی قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یکجان اور یک زبان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں