وطن نیوز انٹر نیشنل

مخالفین حکومت کو گھر بھجوانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں،چوہدری محمد سرورگورنر پنجاب.

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ مخالفین حکومت کو گھر بجھوانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔سینٹ الیکشن بھی اپنے مقررہ وقت پرہی ہوں گے۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام ادارے ایک پیج پرہیں۔ہم عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئے اورعوام ہمارے ساتھ ہیں۔وہ گور نر ہاؤس میں تحر یک انصاف کے پارٹی وفود اور رائس ایکسپوٹر ز ایسوسی ایشن کے پیر سید ناظم حسین شاہ کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقاتوں کے دوران سیاسی و حکومتی امورکے ساتھ ساتھ بز نس کیمونٹی کو درپیش مسائل اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے پارٹی وفود سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم جمہوریت اور پار لیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن اب کسی غیر آئینی اقدام اور حکومت کو گھر بجھوانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی حکومتوں نے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے اب انشاء اللہ ہماری حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کر یگی جو ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں سیاسی انتقام پرنہیں۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ حکومت قوم سے کیے جانیوالا ہروعدہ پورا کر ے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں عام آدمی کے مسائل کے حل اور اس کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے جو اقدامات موجودہ حکومت کر رہی ہے ماضی میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات بھی کپتان ہی جیتے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت میں شفاف انتخابات کے عمل کو تمام حکومتی ادارے یقینی بنائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام سے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے جو بھی وعدے کیے ہیں ان کو پور کیا جائے گا۔چوہدری محمدسرورنے بزنس کیمونٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت بزنس کیمونٹی کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ الحمد للہ آج پاکستان میں انڈسڑی تیزی کیساتھ بحال ہو رہی ہے اور حکومت نے اپنی کامیاب حکمت عملی کے ذریعے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایاہے۔ کورونا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہر گزرتے دن کیساتھ پاکستان میں کورونا وباء میں اضافہ ہورہا ہے ان حالات میں کورونا ایس او پیز پرعمل کے سواکوئی آپشن نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کیلئے بزنس کیمونٹی بھی تعاون کرے، کورونا کے حوالے سے امر یکہ جیسے حالات سے بچنے کیلئے کورونا ایس اوپیز پرعمل لازم ہے، عوام کی ایس او پیز کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی بہت خطر ناک ہوگی۔ دریں اثنا، گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کورونا سے چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ وقار احمد سٹیھ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مر حوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فر مائے۔ گور نر پنجاب نے کورونا کا شکار ہونیوالے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دُعا کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں