وطن نیوز انٹر نیشنل

بھارت حاوی نہیں ہوسکتا پاکستان کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اس لئے بھارت ہم پر ہرگز حاوی نہیں ہوسکتا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ایکسپریسو سے خصوصی گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، بھارت ہم پر ہرگز حاوی نہیں ہو سکتا، پاکستان کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، بھارت چاہتا تھا کہ وہ افغانستان میں اسٹیک ہولڈر بن جائے لیکن اسے ناکامی ہوئی،اب وہ افغانستان میں امن خراب کر رہا ہے۔ ہم نے عالمی برادری سے ڈوزیئر شیئر کیا ہے جس میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کی کوشش کی ہے.

امریکا میں انتقال اقتدار اور پاکستان پر اس کے اثرات پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ریاستی تعلقات میں ہمیشہ مفادات مقدم ہوتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا ایک منفرد انداز تھا، وہ ٹویٹس سے اظہار کرتے تھے لیکن نئی امریکی حکومت کا انداز مختلف ہو گا،نو منتخب صدر جو بائیڈن خارجہ امور پر خاصی مہارت رکھتے ہیں، وہ پاکستان اور خطے سے پوری طرح واقف ہیں، وہ یہاں بہت سے افراد کو جانتے ہیں، ہم بھی ان کی سوچ کو سمجھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں