وطن نیوز انٹر نیشنل

’’گروو میرا‘‘ گانا کیسے بنا اور اس کا مطلب کیا ہے، پی ایس ایل انتظامیہ نے ویڈیو جاری کردی

پی ایس ایل انتظامیہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا ترانہ ’’گروو میرا‘‘ کی تیاری کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

پی ایس ایل6 کا ترانہ ’’گروو میرا‘‘ریلیز کے بعد سے ہی تنقید کا شکار ہے اور کرکٹ کے دیوانوں کے علاوہ ان لوگوں کو بھی پسند نہیں آیا جو کرکٹ میں تو دلچسپی نہیں رکھتے لیکن ہر سال پی ایس ایل کے گانے کو انجوائے کرتے ہیں۔ تاہم فنکاروں کی جانب سے گانے کو پسند کیاجارہا ہے۔

گزشتہ روز پی ایس ایل انتظامیہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ’’گروومیرا‘‘ترانہ کیسے بنا اس کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ جس میں گانے میں شامل چاروں گلوکاروں نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز نے گانے کے دوران اپنے تجربات بھی بیان کیے ہیں۔
نصیبو لعل نے کہا مجھے یہ گانا گاتے ہوئے بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ پہلی بار میں نے ایسا کام کیا ہے کہ اسے کرتے ہوئے مجھے خود کو بہت خوشی ہورہی ہے۔ میرا گروو میرا پیارا پاکستان اور یہ کیمرہ ہے۔

آئمہ بیگ نے گانے کی تیاری کے دوران اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے انہیں بہت محبت دی اور انہیں بھی یہ گانا گاتے ہوئے اور اس گانے میں ایکٹ کرتے ہوئے بہت مزہ آیا۔ ’’گروو میرا‘‘ ایک اسٹریٹ اسٹائل گانا ہے کیونکہ ہماری عوام کو اسٹریٹ اسٹائل کے گانے پسند ہیں۔ آئمہ بیگ نے کہا میرا گروو میرا میوزک ہے۔

ینگ اسٹرنرز گروپ کے طلحہ یونس نے کہا کہ ان کے لیے پی ایس ایل6 کے ترانے کا حصہ بننا اعزاز ہے۔ اس بار پی ایس ایل نے اپنے خول سے باہر نکل کر کچھ نیا کرنے کی کوشش کی ہے۔ اور مجھے لگتا ہے لوگوں کو یہ ترانہ بہت پسند آئے گا۔

طلحہ انجم نے کہا کہ میرا پی ایس ایل کے ترانے کی تیاری کا تجربہ بے حد اچھا رہا میں پہلی بار آئمہ بیگ اور نصیبو لعل کے ساتھ کام کررہا ہوں اور بہت پُرجوش ہوں۔

گانے کے پروڈیوسر زلفی نے کہا کرکٹ اور میوزک میں ایک چیز کامن ہوتی ہے اور وہ ہے ردھم۔ آپ نے اکثر کمینٹیٹرز کو کہتے ہوئے دیکھا ہوگا کہ آج بولر ردھم میں ہے ۔ انہوں نے ’’گروو‘‘کا مطلب بتاتے ہوئے کہا ردھم کو پرجوش ہوکر گروو کہتے ہیں۔ انہوں نے گروو کی مثال دیتے ہوئے کہا جیسے کسی دن شاہین آفریدی نے چار وکٹیں لے لیں اور میچ جتوادیا تو شاہین آفریدی آج بڑے ’’گروو‘‘میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں