وطن نیوز انٹر نیشنل

اداکار مانی کا فردوس عاشق اعوان کو قیمتی مشورہ

نامور ٹی وی میزبان، پروڈیوسر اور اداکار سلمان ثاقب شیخ عرف مانی نے پاکستان تحریک انصاف کی رکن فردوس عاشق اعوان کو نہایت قیمتی مشورہ دیا ہے۔

اداکار مانی اپنی اہلیہ حرا کے ساتھ حال ہی میں آغا علی اور حنا الطاف کے ’’دی کپل شو‘‘ میں شریک ہوئے۔ جہاں حرا اور مانی نے اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات اور پاکستانی سیاستدانوں کے بارے میں بات کی۔

انٹرویو کے دوران حرا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل دور بھی دیکھا ہے کہ میرے اور مانی کے اکاؤنٹ میں محض دس ہزار روپے تھے اور اس وقت مانی نے اپنی پروڈکشن شروع کی تھی اس کے علاوہ ہمارا گھر بھی نہیں بک رہا تھا ہم پھنس کر رہ گئے تھے۔ وہ دور مالی لحاظ سے ہمارے لیے بہت مشکل تھا۔ جب کہ دوسری جانب جب ہمارے پاس پیسوں کی کمی تھی تو اس وقت میرا ڈراما ’’سن یارا‘‘ ہٹ ہوگیا۔
مانی نے بتایا آج سے چار پانچ سال پہلے جب حرا ٹی وی پر زیادہ ہٹ نہیں تھیں اور وہ لوگ مالی مشکلات سے گزررہے تھے اس وقت وہ لوگ کسی کی سالگرہ پر مارننگ شو میں گئے تھے، جہاں ایک اداکار نے ان کے ساتھ مارننگ شو میں آنے سے منع کردیا اور کہا کہ ہم حرا اور مانی کے ساتھ کھڑے ہوکر شو میں انٹر بھی نہیں ہوگے۔ مانی نے اس اداکار کانام تو نہیں بتایا تاہم مانی نے کہا یہی حقیقت ہے جب آپ ہٹ ہوتے ہیں تو آپ کے پیچھے سب ہوتے ہیں اور جب آپ فلاپ ہوتے ہیں تو لوگ دو منٹ میں آپ کا ساتھ چھوڑ دیتے ہیں یہی انڈسٹری ہے۔

شو میں ایک سیگمنٹ کے دوران حرا اور مانی کو پاکستان کی چند مشہور شخصیات کو مشورے دینے تھے۔ اداکارہ ہانیہ عامر کو مشورہ دیتے ہوئے مانی نے کہا انہیں اردو کی کتابیں پڑھنی چاہئیں۔ جب کہ فردوس عاشق اعوان کو مشورہ دیتے ہوئے مانی نے کہا مریم نواز کا میک اپ آرٹسٹ بہت اچھا ہے لہذا فردوس عاشق اعوان کو چاہئے کہ وہ مریم نواز والے میک اپ آرٹسٹ سے اپنا میک اپ کروائیں۔

حرا نے مانی کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مریم نواز کی خوبصورتی کے بارے میں کہا آج ہرعورت گھر میں مریم نواز سے جل رہی ہے کیونکہ اس کا میاں بیٹھ کر ٹی وی پر صرف مریم نواز کو دیکھتا رہتا ہے کہ آخر اس نے چہرے پر کروایا کیا ہے۔

مانی نے سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا میں نے پی ٹی آئی کے ساتھ رہ کر اپنا بہت وقت برباد کیا میرے مطلب کا بندہ آبھی گیا لیکن بعد میں مجھے احساس ہوا کہ میں غلط سوچ رہا تھا لہذا میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ اگر مجھے دوسری زندگی ملے تو میں دوبارہ یہ بیوقوفی نہیں کروں گا اور مصطفیٰ کمال کو لے کر آؤں گا اور مصطفیٰ کمال کے لیے جدوجہد کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں