وطن نیوز انٹر نیشنل

اسلام آباد اور راولپنڈی میں عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل (25 مارچ)عام تعطیل ہوگی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل (25 مارچ) عام تعطیل ہو گی، عام تعطیل کل یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ کی وجہ سے کی جارہی ہے۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے کل پریڈ کے موقع پر ٹریفک کے ڈائیورشن پلان تشکیل دے دیا ہے، اور بتایا ہے کہ پریڈ گراوٴنڈ کی طرف آنے والے تمام راستے کل بند ہوں گے، اور ٹریفک کی روانی کے لیے متبادل راستے فراہم کئے جائیں گے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کورال چوک سے ایکسپریس وے مکمل ٹریفک کے لیے بند ہو گی، جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے اندرونی حصے سے ٹریفک کو گزرنے کیلئے متبادل راستے دیئے جائیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل کی چھٹی کا اعلان کردیا ہے، اور چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کل کی چھٹی کی منظوری دے دی ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس کل بند ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے 23 مارچ یوم پاکستان کی پریڈ خراب موسم کے باعث ری شیڈول کرنے کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ یوم پاکستان کی پریڈ اب 25 مارچ کو ہوگی۔ مسلح افواج کی پریڈ مقررہ وقت پر شکرپڑیاں میں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں