وطن نیوز انٹر نیشنل

سندھ میں لوگوں کو بلاسود قرض دینے کےلیےاسکیم شروع کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے غریب معاشی بحالی پیکیج کے تحت لوگوں کو بلاسود چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے لیے دو ارب روپے سے ’’چیف منسٹر سیلف ایمپلائمنٹ اسکیم‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیران ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال نے بڑی تعداد میں لوگوں کو یا تو بے روزگار کیا یا جزوی ملازمت میں تبدیل کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک غربت کے خاتمہ کے لیے معاشی پیکیج کو متعارف کرانے کا ہے جس کے تحت لوگوں کو اپنا چھوٹا کاروبار شروع کرنے یا اپنی جاری کاروباری سرگرمیاں مستحکم بنانے کے لیے لوگوں کو سود سے پاک چھوٹے قرضوں کی پیشکش کی جائے اور مزید کہا کہ وہ رواں مالی سال کے دوران دو ارب روپے بچا سکتے ہیں۔
کابینہ کے اراکین نے مکمل غور و خوض کے بعد اس تجویز کی منظوری دی اور اس کا نام ’’چیف منسٹر سیلف ایمپلائمنٹ اسکیم‘‘ رکھا۔ انہوں نے متفقہ طور پر اس کے مختص بجٹ کو بڑھانے پر زور دیا تاکہ آبادی کی ایک بڑی تعداد اس سے فائدہ اٹھاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قرض دینے کے لیے ایک طریقہ کار اپنانے، تقسیم کار اور وصولی کے میکنزم تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری قانون کو بطور ممبران شامل کیا تاکہ وہ پروگرام کی تفصیلات پر کام کرسکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک این جی او اخوت اسلامی مائیکرو فنانس (اے آئی ایم) غریب لوگوں کو بلا سود قرضوں کی پیش کش کررہی ہے تاکہ وہ اپنے چھوٹے کاروبار شروع کرسکیں، ان کی وصولی کی شرح 100 فیصد ہے۔ این جی او کو بلایا گیا اور اس کے نمائندے نے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو یہ ہدایت دی کہ وہ رمضان کے مقدس ماہ سے قبل ہونے والے آئندہ کابینہ اجلاس میں ان سے ملیں اور کابینہ کے ساتھ اس حوالے سے تفصیلات شیئر کریں۔

بل بورڈ پالیسی

سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے کابینہ کو بتایا کہ بل بورڈ اور ذخیرہ اندوزی کی پالیسی سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تیار کی گئی ہے۔ پالیسی کے تحت بل بورڈز کو مندرجہ ذیل معیاری اونچائی، سائز اور پابندیوں کے مطابق بنایا اور نصب کیا جائے گا، بل بورڈ کی گہرائی 15 فٹ، چوڑائی 45 فٹ اور واضح اونچائی 31 فٹ ہوگی جبکہ 10 فٹ بل بورڈ کی چوڑائی 20 فٹ اور لمبائی 21 فٹ ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ آٹھ فٹ گہرائی والے بل بورڈ کی چوڑائی اور لمبائی 12 فٹ ہوگی۔ کابینہ نے اس پالیسی کی منظوری دی تاہم پالیسی کو مزید بہتر کرنے کے لیے وزیر بلدیات ناصر شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔

اراضی کی الاٹمنٹ

صوبائی کابینہ نے فلاحی مقصد کے لیے ایک ایکڑ 10 کروڑ روپے کی شرح سے دیہہ تور، تعلقہ مراد میمن، ضلع ملیر میں 13 ایکڑ اراضی جامعہ اسلامیہ کو الاٹ کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی۔ ڈسٹرکٹ پرائس فکسیکشن کمیٹی نے زمین کی قیمت مقرر کی ہے۔

ہومی چیمبر

کابینہ نے ہیریٹیچ کمیٹی کی سفارش پر پلاٹ نمبر، CL-9/22/7، عبد اللہ ہارون روڈ ، ہوشنگ روڈ کراچی میں واقع ہیریٹیچ بلڈنگ میں اضافہ اورتبدیلی کے لیے مالک ہومی کتراک چیمبر کی درخواست منظور کرلی۔ عمارت کا کمپاؤنڈ ایک جیسا ہی رہے گا اور احاطے کے اندر 27 منزلہ عمارت تعمیر ہوگی۔

خصوصی عدالتیں

کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 2020ء نافذ کردیا گیا ہے۔ ایکٹ کے تحت سوسائٹیوں سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کے لیے ایک نئی خصوصی عدالت قائم کرنا ہوگی، قبل ازیں مقدمات کے فیصلے ثالثی کے ذریعے کیے گئے۔

کابینہ نے کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ کوآپریٹو کی خصوصی عدالتوں کے قیام کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔

یوپی اینڈ ایس پی یونٹ

سندھ کابینہ نے ڈائریکٹوریٹ اربن پالیسی اینڈ اسٹریٹجک پلاننگ یونٹ کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ڈپارٹمنٹ آف پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ساتھ منسلک کرنے کی 143.618 ملین روپے کے بجٹ کے ساتھ منظوری دی۔

ڈائریکٹوریٹ آف اربن پالیسی اینڈ اسٹریٹجک پلاننگ اس کا ذمہ دار ہے کہ وہ پالیسیوں، منصوبوں اور اسٹڈی کی تیاری کے ذریعہ ایک مختصر ، درمیانی اور طویل مدتی فریم ورک کے اندر صوبہ بھر میں شہری علاقائی منصوبہ بندی اور ترقی کے سلسلے میں ٹیکنکل مدد فراہم کرے۔

سسٹر سٹی

کابینہ کو بتایا گیا کہ چین میں پاکستان کے سفیر نے سندھ حکومت کو ہوبائی صوبائی حکومت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے صوبہ سندھ اور ہوبائی کے مابین سسٹرصوبوں کے تعلقات کے لیے کراچی اور ووہان کے مابین سسٹر تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ووہان انتظامیہ نے یانگژی ریور بینک کو بطور پاک چین فرینڈ شپ اسکوائر نام رکھنے کے لیے اپنا طریقہ کار مکمل کرلیا۔

کراچی انتظامیہ نے بھی ایک ممتاز عوامی چوک / سڑک کے نام کے لیے باہمی بنیادوں پر دوستی کے اس خاص رشتہ کے لیے اس طرز کا طریقہ کار اختیار کرے گی۔

سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ رولز 2021ء کی بھی منظوری

کابینہ نے سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ رولز 2021ء کی بھی منظوری دی۔ سکریٹری لیبر رشید سولنگی نے ڈرافٹ قواعد کے بارے میں ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی جنھیں سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ 2014ء کی منظوری کے بعد وضع کیا گیا۔

سندھ مضاربہ مینجمنٹ لمیٹڈ کے نئے چیف ایگزیکٹو افسر کے تقرری

کابینہ نے سندھ مضاربہ مینجمنٹ لمیٹڈ کے نئے چیف ایگزیکٹو افسر کے تقرری کے لیے ذوالفقار علی کے نام کی منظوری دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں