وطن نیوز انٹر نیشنل

بزرگ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن گھر پر کرنے کا فیصلہ

آین سی او سی نے بزرگ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن گھر پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی ساٹھ سال سے زائد عمر کے غیر ملکی شہریوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بزرگ شہریوں کی ویکسی نیشن کے حوالے سے آج این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے اہم فیصلہ کیا گیا۔

وزارت صحت حکام کی جانب سے پنجاب اور اسلام آباد میں بزرگ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن گھر پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر پنجاب اور اسلام آباد میں 80 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن گھر پر کی جائے گی۔
حکام نے کہا ہے کہ 80 سال اور زائد افراد کو گھر پر کورونا ویکسی نیشن کی سہولت دینے کے لیے باقی صوبوں کو بھی کہا ہے، عوام گھر پر ویکسی نیشن کا عمل اپنی سہولیات کو دیکھ کر کرسکتے ہیں، 80 سال کے افراد کی گھر پر ویکسی نیشن آئندہ دو دن تک شروع کر دی جائے گی۔

معمر غیرملکی شہریوں کی ویکسی نیشن کا بھی فیصلہ

دریں اثنا حکومت نے ملک میں موجود 60 سال سے زائد غیر ملکی ہیلتھ کئیر ورکرز اور شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ڈسَٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ویکسی نیشن سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق غیرملکی ہیلتھ کئیر ورکرز کی ویکسی نیشن ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی، غیر ملکی ہیلتھ ورکرز اور عمر رسیدہ افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ این سی او سی کی ہدایت پر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں