وطن نیوز انٹر نیشنل

خلیل الرحمان قمر نے مہیش بھٹ کیلئے فلم کی کہانی لکھنے سے انکار کیوں کیا؟

پاکستان کے معروف مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر خلیل الرحمان قمر نے بتایا ہے کہ انہوں نے مہیش بھٹ سمیت دیگر بھارتی ہدایت کاروں کے لیے فلم لکھنے سے کیوں منع کردیا تھا۔

ڈراما سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘، ’’صدقے تمہارے‘‘اور ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں واسع چوہدری کے شو ’’گھبرانا منع ہے‘‘میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی ہدایت کار مہیش بھٹ سمیت ایک اور ہدایت کار نے فلم لکھنے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا۔

میزبان کے سوال پوچھنے پر خلیل الرحمان قمر نے وجہ بتاتے ہوئے کہا جب میں 2006 میں بھارت گیا تو میں نے دیکھا وہاں ٹی وی میں سب چینلز تھے لیکن پاکستان کا کوئی چینل نہیں تھا۔ لہذا اس وقت تک بھارت میں ہمارے فنکاروں کو کوئی نہیں جانتا تھا۔ جب مجھے مہیش بھٹ نے لکھنے کی پیشکش کی تو میں نے وہیں منع کردیاتھا۔
مہیش بھٹ کے بعد ایک اور ہدہیت کار نے مجھے لکھنے کی پیشکش کی میں نے انہیں بھی منع کردیا۔ واسع چوہدری نے اس ہدایت کار کا نام پوچھا تو خلیل الرحمان قمر نے کہا مجھے ان کا نام بتانا اچھا نہیں لگ رہا کیونکہ میں انہیں بطور ہدایت کار پسند کرتا ہوں۔ بلکہ انہیں میں برصغیر کا بہت بڑا ڈائریکٹر سمجھتا ہوں۔ اسلیے نام لینا نہیں چاہتا۔ جب کہ مہیش بھٹ مجھے پسند نہیں ہیں اسلیے میں نے ان کا نام لے لیا۔

خلیل الرحمان قمر نے اپنی اور بھارتی ہدایت کار کی 45 منٹ کی گفتگو کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گفتگو کے دوران انہوں نے مجھے پہلے تو فلم لکھنے کی پیشکش کی اور جب میں نے منع کردیا تو انہوں نے کہا خلیل صاحب ویسے تو ہم چھوٹے لوگ ہیں لیکن جب ہم کسی کو فون کرتے ہیں تو لوگ خوش ہوجاتے ہیں۔ جب کہ آپ کے تاثرات سے پتہ نہیں چلا کہ آپ ہمارے فون سے خوش ہوئے ہیں۔

بھارتی ہدایت کار کو جواب دیتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا حضور پہلی بات عرض کرنا چاہتاہوں میں آپ کو جتنا بڑافنکار مانتا ہوں اگر آپ بھارت کے نہ ہوتے بلکہ دنیا میں مجھے کہیں اور ملتے تو میں آپ کے پیر چھوتا ۔ لیکن مجھے آپ کو منع کرنے کے پیچھے وجہ یہ ہے کہ ابھی جب میں فون رکھوں گا اور میرے گھر والے پوچھیں گے کہ آپ اتنی لمبی بات کس سے کررہے تھے اور میں انہیں آپ کا نام بتاؤں گا تو وہ بہت خوش ہوں گے۔

لیکن جب آپ فون رکھیں گے اور آپ کے گھر والے پوچھیں گے کہ آپ کس سے بات کررہے تھے اور آپ کہیں گہ کہ خلیل الرحمان قمر سے تو وہ پوچھیں گے کون خلیل الرحمان قمر ؟ لہذا جب تک میں بھارت اور پاکستان کے درمیان یہ خلیج پاٹ نہیں لیتا میں بھارت کے لیے نہیں لکھوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں