وطن نیوز انٹر نیشنل

فوج کے دشمن پاکستان کے دشمن : وزرا اپوزیشن کیخلاف جارحانہ پالیسی اختیار کریں، نواز شریف، انکے بچے لندن آرام کریں اور عوام سڑکوں پر نکلیں، یہ کیسا انقلاب ؟ عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوج کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔ اپوزیشن کو فوج سے یہ مسئلہ ہے کہ وہ ان کی کرپشن پکڑ لیتی ہے ،اپوزیشن جماعتیں عوامی نہیں ذاتی ایجنڈے پرہیں، ان کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی قیادت اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا،جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر حکومتی حکمت عملی طے کی گئی اور اپوزیشن کی اعلان کردہ حکومت مخالف تحریک پر بھی مشاورت ہوئی جبکہ اپوزیشن کے احتجاج اور جلسوں کی جوابی حکمت عملی پر غور ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے حکومتی موقف پر ترجمانوں کو اہم ہدایات دیں اور کہا کہ ترجمان اور وزرا اپوزیشن کو بے نقاب کریں اور جارحانہ پالیسی اختیار کریں۔انہوں نے پنجاب کی قیادت کو ہدایات جاری کیں کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے انڈین رہنماؤں سے تعلقات کو بے نقاب کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ لوگ ہمیں بلیک میل نہیں کر سکتے ، ان کو فرنٹ فٹ پر جواب دیں گے ۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ، سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں،فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری حکومت کے ساتھ ہے ،اپوزیشن کی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں۔ نوازشریف کے بیانات بھارتی ایجنڈے کے مطابق ہیں، قوم متحد ہوکربھارتی سازش کو ناکام بنائے گی، حکومت اپنے اداروں کا دفاع کریگی۔نواز شریف اپنے بچوں کو لندن میں بٹھا کر عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتے ہیں۔ ان کے بچے آرام کریں اور عوام سڑکوں پر آئیں، یہ کیسا انقلاب ہے ؟دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں تیل و گیس کی دریافت اور پیداوار میں اضافہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا پاکستان کو درپیش توانائی کے چیلنجز کو حل کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ،عوام پر قیمتوں کے اضافی بوجھ کو کم کرنے کیلئے تمام سیکٹرز میں ٹیکنالوجی کوبروئے کار لایاجائے تاکہ پرانے طریقہ کار کے استعمال کے نتیجے میں ہونے والے ضیاع کو روکا جائے ۔سیکرٹری پٹرولیم نے اجلاس کو ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سسٹم کے نفاذ سے ملک میں تیل اور گیس کی مقامی پیداواری استعداد بڑھانے میں مدد ملے گی۔ تیل اور گیس کے ذخائر سے کم لاگت میں استفادہ کیا جاسکے گا اور اس سسٹم کی بدولت قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ کو کم اور عوام کو سستے داموں پر تیل اور گیس کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز میں عمل درآمد حکومت کی ترجیح ہے ،منصوبہ لاہور شہر کی بحالی، بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے ، پانی کی قلت کو دور کرنے اور لاہور سمیت صوبے بھر میں معاشی عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے کلیدی منصوبہ ہے ۔اس منصوبے کی بدولت نوکریوں اور معاشی سرگرمیوں کے بے انتہا مواقع پیدا ہوں گے ۔وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی سرگرمیاں زیربحث رہیں۔ اس کے علاوہ و زیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی ملاقات کی اور ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفد نے بھی ملاقات کی اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ علاوہ ازیں آن لائن کے مطابق وزیراعظم عمران خان گندم ، آٹے اور دیگر زرعی اجناس سے متعلق غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی عمر حمید پر برس پڑے اور انہیں آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو پھر انہیں برطرف کردیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں چینی ، آٹے اور گندم کی دستیابی اوراس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ہونے والے اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں وزیراعظم عمران خان وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کی کارکردگی پر برس پڑے اور کہا کہ ہمارا ملک زرعی ملک ہے اس کے باوجود ہمیں گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے اور انہیں غلط اعدادوشمار کے ذریعے گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کسی طور پرقابل قبول نہیں ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں