وطن نیوز انٹر نیشنل

خالی باتوں کا وقت گزرچکا، محکموں کو اب کام کرکے دکھانا ہوگا : بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں ۔ سرکاری محکمے عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خالی باتوں اور نمائش کا وقت گزرچکا۔جومحکمہ کام نہیں کرے گا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ایک اور کھلی کچہری لگائی۔کھلی کچہری میں پنجاب کے پسماندہ علاقو ں کے 200 سے زائد افراد سے ملاقاتیں کیں۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو بھی کھلی کچہری میں طلب کر لیا۔فرداً فرداً ہر ملاقاتی کو اپنے پاس بلا کر مسئلہ سنا۔دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین نے بھی اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔افسروں کو عوامی مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کا ادراک ہے ۔عوام ہی میرا اثاثہ ہیں۔ میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، نیا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور بڑھتا جائے گا۔یوم دفاع و شہدا ئپر اپنے پیغام میں وزیر اعلی ٰ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 کادن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اورقابل فخر باب ہے ۔پاک افواج نے بزدل دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا ء ہماری آن،بان اور شان ہیں ۔ مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے شہدا ءآج بھی قوم کے دلو ں میں زندہ ہیں، 1965 کی جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے غازیوں کو بھی سلیوٹ پیش کرتے ہیں۔ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اوراتحاد کا مظاہرہ کیا آج پھر اسی جذبے کی ضرورت ہے ۔ یوم دفاع وشہدا پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کاا ظہار کرتے ہیں۔ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ریسلر انعام بٹ کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ انعام بٹ کی جیت پر قوم کو ناز ہے ۔ انعام بٹ کی جیت پاکستان کی جیت ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں