وطن نیوز انٹر نیشنل

اپوزیشن جماعتوں کا ذاتی مفادات کیلئے اتحاد جلد ٹوٹ جائیگا: بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے ۔ ان جماعتوں کے پاس پاکستان کے عوام کی ترقی کا کوئی پروگرام نہیں، عوام کے مسترد شدہ عناصر ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں۔اکٹھی ہونے والی اپوزیشن جماعتیں بہت جلدایک دوسرے سے الگ ہوجائیں گی۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا، قوم کا پیسہ لوٹنے والے اب عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔ عوام باشعور ہیں اور نا اہل ،کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک کو سیاسی کثافتوں سے پاک کرے گی۔ادھر وزیر اعلیٰ سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم وسائل یافتہ افراد کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے ۔ پناہ گاہوں کے دائرہ کار کو وسیع کیا جارہاہے ،شہروں میں لنگر خانے بھی کھولے جا رہے ہیں، پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی جو جلد کام شروع کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کمزور طبقے کو یکسر نظر انداز کیا گیاکیونکہ سابق حکمرانوں کی ترجیحات نمائشی منصوبے لگانا تھا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کی ضروریات پر فوکس کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان بیت المال کی غریب، نادار اور محروم طبقات کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان بیت المال محروم طبقات کیلئے پناہ گاہوں سمیت فلاحی منصوبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ جنوبی پنجاب میں بھی پاکستان بیت المال نے گراں قدر اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں پاکستان بیت المال کو فلاحی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں