وطن نیوز انٹر نیشنل

نواز شریف کوقومی اداروں کی تضحیک نہیں کرنے دیں گے،لیگی رہنما اشرف اںصاری

مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کھل کر نواز شریف کے بیانیہ کے خلاف بولنے لگے۔ چودھری اشرف انصاری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو قومی اداروں کی تضحیک اور قومی سلامتی کے راز افشا نہیں کرنے دیں گے۔

گوجرانوالہ میں اپنی رہائشگاہ پر اجتماع سے خطاب میں اشرف انصاری کا کہنا تھا کہ ‘’جیسے بھی حالات رہیں گے، میاں تیرے ساتھ رہیں گے’’ کا نعرہ دین اسلام اور ملک سے وفاداری کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔

اشرف انصاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نریندر مودی اور جندال کا کھیل کھیلنے والوں کا ساتھ نہ دیں۔ نواز شریف نظریاتی ہیں نہ انقلابی بلکہ وہ محض بھگوڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف توہین رسالت کے حلف نامہ میں ترمیم کی سزا بھگت رہے ہیں جبکہ حاجی یونس انصاری کا اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں کیپٹن (ر) صفدر کی پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ وہ لوگ کھڑے تھے جن کے بڑوں نے فاطمہ جناح کی توہین کی۔

یونس انصاری نے کہا کہ مادر ملت کی توہین کرنے والے آج مسلم لیگ (ن) کے مامے بنے پھرتے ہیں۔ دستگیر خان نے ایک جانور کے گلے میں لالٹین ڈال کر شہر میں جلوس نکالا۔ مریم نواز کو گوجرانوالہ میں قومی سلامتی کے اداروں کی توہین نہیں کرنے دیں گے۔ ملک میں انتشار پھیلانا مودی کے ایجنڈے کی تکمیل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں