وطن نیوز انٹر نیشنل

مہنگائی : 25اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ، پیپلز پارٹی کے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

ایک ہفتہ کے دوران مہنگائی میں 1.23فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مہنگائی کی شرح 14.31 فیصد پر پہنچ گئی ۔ پاکستان شماریات بیورو کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 25اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 4اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ ملک میں چینی کی قیمت 120روپے فی کلو تک پہنچ گئی ۔ جن22اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ٹماٹر 10.71روپے ، آلو 3.29روپے ، ایل پی جی سلنڈر 90.31روپے ، چینی3.77روپے کلو، انڈے 5.38روپے درجن، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 19پیسے اضا فہ ہوا۔ سرسوں کا تیل4.22روپے لٹر، گڑ 2.76روپے ، دال ماش 2.76روپے ، ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ7روپے ، چاول باسمتی67پیسے ،دال چنا90پیسے ، چھوٹا گوشت6.48روپے ، بڑا گوشت2.62روپے ، خشک دودھ4روپے ، دال مسور74پیسے ، آٹے کا 20کلو گرام کاتھیلا2.28 روپے مہنگاہوا۔ جن4اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے ان میں پیاز2.74روپے کلو ،کیلا2.46روپے درجن، دال مونگ1.30روپے اورلہسن1.09روپے کلو سستا ہوا۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پرلاہور،کراچی ، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی مظاہرے ہوئے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو زرداری نے علم بغاوت بلند کردیا ہے اب اس نااہل حکومت کو جانا ہوگا، حکمرانوں کی پیدا کردہ گھمبیر صورت حال سے نکلنے کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔ لاہور میں مظاہرے کے دوران خواتین ہانڈیاں،ڈوئیاں اور چمچے اٹھا کر احتجاج کرتی رہیں،اسلام آباد میں احتجاجی ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کی جبکہ پنجاب کے تمام شہروں میں احتجاجی ریلیوں کی قیادت پارٹی کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈرز نے کی۔ سندھ کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہروں میں منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، سینیٹ نے بھی شرکت کی۔ کراچی میں درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے شیری رحمن، میاں رضا ربانی، وقار مہدی، سعید غنی سمیت منتخب نمائندوں نے خطاب کیا۔ لاڑکانہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کی۔ خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ لاہور پریس کلب کے باہر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ثمینہ خالد گھرکی نے کی ۔مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے ، مک گیا تیرا شو نیازی،گو نیازی،گو نیازی۔مظاہرے میں شریک خواتین اپنے ساتھ ہانڈیاں،ڈوئیاں اور چمچے بھی لائی تھیں۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ،پنجاب ویمن ونگ کی صدر ثمینہ خالد گھرکی ، فیصل میر، عزیز الرحمن چن اور دیگر مقررین نے کہا حکومت وقت نا اہل ہے ،میڈیا پر جھوٹ بولنے کے سوا اسے کچھ نہیں آتا ۔ انہوں نے کہا یہ حکمران ملک کا بیڑا غرق کرنے آئے ہیں ،سلیکٹڈ حکمرانوں سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہونی،انہیں جانا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا آج مہنگائی ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ،موجودہ حالات میں عام آدمی کا جینا دو بھر ہو چکا ہے ۔ملک میں لاقانونیت،بیروزگاری عروج پر ہے ۔ مظاہرے میں انجم بٹ ،فائزہ ملک ،نرگس خان،ڈاکٹر خیام، علامہ یوسف اعوان،آصف خان،نصیر احمدخالد بٹ،عارف ظفر،عارف خان،بشارت صدیقی،سجاد نذیر،ایڈون سہوترا، ڈاکٹر ضیاء اللہ بنگش،صابر بھلہ،شاہدہ جبیں،سونیا خان، طاہر غالب اور دیگر بھی شریک تھے ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیئر حسین بخاری کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔جیالے پارٹی پرچمو ں کے ہمراہ احتجاج میں شریک ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مظاہرہ میں سبط الحیدر بخاری، افتخار شہزادہ ،ملک اجمل اعجاز، ابرار رضوی، راجہ شکیل ،عدنان شاہ، شازیہ بتول، ندانذیر،عمر خان ،راجہ امتیاز، احتشام وحید ستی اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاست مدینہ میں غریب کی شنوائی ہوتی تھی پی ٹی آئی دور میں رسوائی ہوتی ہے ۔اس سے پہلے کہ عوام گریبان سے پکڑ کر باہر پھینکیں حکومت مستعفی ہو جائے ،نالائق، نااہل حکمرانوں کی پیدا کردہ گھمبیر صورت حال سے نکلنے کا واحد حل نئے انتخابات ہیں ۔ انہوں نے کہاعوام اور اپوزیشن کو سڑکوں پر آکر عمران خان کی حکومت ختم کرنا ہوگی ، اب ان حکمرانوں کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے ۔ پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت سٹی جنرل سیکرٹری چودھری افتخار ، ضلعی صدر چودھری ظہیر ، بنارس چودھری ، راجہ محمد علی نے کی ۔ سردار قدوس ، راجہ عامر علی ، شجاعت نقوی ، راجہ منصور ، راجہ ساجد ، عمر ایاز اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ پی پی رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا نااہل اور نالائق حکومت کے خاتمے کے لیے جدوجہد تیز کی جائے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام کا جینا محال ہو گیا۔ عمران حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو ملک و قوم کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ کراچی کے 6 اضلاع سمیت سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرزمیں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔کراچی ریگل چوک میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا عوام سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کو ری جیکٹ کر چکے ہیں ،مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام اب سڑکوں پر نکل آئے ہیں ،اب حکومت کو جانا ہوگا۔ سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا یہ وہ کراچی ہے جہاں سے ذوالفقارعلی بھٹونے ایوب خان کے خلاف بغاوت کاعلم بلند کیاتھا اب بلاول نے علم بغاوت بلند کردیا ہے ، غریب لوگ چاہتے ہیں کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والا وزیراعظم اب اپنے گھر چلا جائے کیونکہ وہ اب عوام کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا حکومت اورآئی ایم ایف کے مابین خفیہ معاہدہ ہواہے جس کا پارلیمنٹ کوپتا ہے نہ ہی عوام کو،اگرمعاہدہ ختم کرنا ہے تونیازی کی حکومت کوختم کرنا پڑیگا۔ لیاقت آباد 10 نمبر کے بڑے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ترقی نسواں سندھ سیدہ شہلا رضا نے کہا عمران نیازی کی سونامی سرکار نے ملک کی معیشت کو برباد اور عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے ، جو تبدیلی کا نعرہ لگا کر آئے تھے انہوں نے ملک کے ہر شعبے میں تباہی مچا دی ہے ۔آج ہر شخص کی زبان پر گو نیازی گو نیازی کا نعرہ ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے باہر نکلیں اور بلاول بھٹو کا ساتھ دیں۔ ضلع شرقی میں الآصف سکوائر سہراب گوٹھ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔سینیٹر سلیم مانڈوی والانے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کے حالات بدتر سے بدتر ہونگے ، آٹا، گھی، چینی سمیت تمام اشیا عوام کی دسترس سے باہر ہیں۔شرمیلا فاروقی نے کہا عمران نیازی سیاست اور پاکستان کی ترقی کیلئے منحوس ثابت ہوئے ہیں جن کے قدم سے ملک مزید 70 سال پیچھے چلا گیا ۔پیپلزپارٹی ضلع ملیرکے تحت سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ،صوبائی وزیر ساجد جوکھیو، وزیراعلیٰ کے معاون سلمان عبداللہ کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا جس میں ایم این اے آغارفیع ،اراکین سندھ اسمبلی راجہ رزاق،یوسف بلوچ،شاہینہ شیرعلی،سلیم بلوچ،میرعباس تالپور،جان بلوچ،امداد جوکھیو،نذیربھٹو نے شرکت کی ۔ قائم علی شاہ نے کہا بلاول بھٹونے سب پارٹیوں کودعوت دی ہے کہ میدان میں آئیں اورنااہل سرکار،چور وزیراعظم کوگھر بھیجیں،مہنگائی کے طوفان کا خاتمہ نااہل سرکارکو رخصت کئے بغیرنہیں ہوگا۔پیپلزپارٹی ضلع کورنگی کے تحت سنگرچورنگی پرمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر تاج حیدر نے کہا جب تک سلیکٹڈ حکومت کو اقتدار سے الگ نہیں کردیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔پیپلزپارٹی ضلع غربی کے تحت مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ، سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ،ایم این اے قادرخان مندو خیل،ڈاکٹرشاہدہ رحمانی نے کہا حکومت نے مہنگائی کا جن آزاد کردیا ہے ،غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں،بلاول بھٹو عوام کے لئے نجات دہندہ ثابت ہونگے ۔کراچی کے مظاہروں میں پیپلزیوتھ،پیپلزلیبربیورو، شعبہ خواتین سمیت ذیلی تنظیموں کے کارکنوں اورمحنت کشوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی اوروزیراعظم کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا۔ پیپلزپارٹی کے بعض رہنما اورکارکن سائیکل،گدھا گاڑی،موٹر سائیکل پرمظاہروں میں شریک ہوئے اوراحتجاج ریکارڈ کرایا۔ پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی جلسے ، جلوس ریلیاں ، احتجاجی مظاہرے کئے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز ، کتبے اور پلے کارڈ ز اٹھا رکھے تھے جن پر آٹا مہنگا، چینی مہنگی ، چاول مہنگے ہائے ہائے بے حس حکومت مردہ باد، ان گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو ، بلاول بھٹو قدم بڑھاؤ خدا تمہارے ساتھ ہے جیسی تحریریں درج تھیں۔فیصل آباد میں مہنگائی ، بیروزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف پیپلز پارٹی یوتھ ونگ نے ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ قصور میں بھی چودھری سرمد منظور کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔ شرکا نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ساہیوال میں پیپلز پارٹی نے احتجاجی ریلی نکالی جو مزدور پلی سے شروع ہو کر مختلف بازاروں سے ہوکر جوگی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ خیبر لنڈی کوتل بازار میں پیپلز پارٹی ضلع خیبر کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے سے پارٹی کے ضلعی صدر فرہاد شباب ، صدر لنڈی کوتل ملک زادہ آفتاب ، حاجی عطاء شمس امین ،ولایت آفریدی ،ہمیش شنواری فاتح الرحمن ،خیال رسول اور منظور شنواری و کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے میں تاجروں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثنائپارلیمنٹیرینز کے صدرآصف علی زرداری نے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاج پر پارٹی کے جیالوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی جنگ سے تباہ حال ملک کی دوبارہ تعمیر کر سکتی ہے تو مہنگائی اور بیروزگاری پر بھی قابو پا سکتی ہے ۔ ہمارے دور میں دو خطرناک سیلاب آئے مگر انسانی خوراک میں کمی ہوئی اور نہ ہی مہنگائی ہوئی۔ بیان میں آصف علی زرداری نے کہا ہم غریبوں کے ہیں اور غریب ہمارے ہیں اس لئے جب بھی اقتدار میں آتے ہیں غریبوں کی مشکلات کم کرتے ہیں۔ اب ملک کا ہر شہری مہنگائی اور بیروزگاری کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا ہم کسی سے انتقام لینے میں وقت ضائع نہیں کرتے ، ہماری ترجیح ملک اور عوام کی خدمت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا ہم پھر آئیں گے ، برطرف ملازمین کو بحال کریں گے اور روزگار کے وسائل بھی پیدا کریں گے ۔آصف زرداری نے کہا بلاول میدان میں آچکے ہیں، فتح عوام کی ہوگی۔ پیپلزپارٹی مہنگائی بھی ختم کرے گی اور عوام میں خوشحالی بھی لائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں