وطن نیوز انٹر نیشنل

کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کوہونگے یا نہیں فیصلہ آج ہوگا

کراچی میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر کو ہونگے یا نہیں فیصلہ آج ہونے والے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سیکرٹری داخلہ سمیت اعلی حکام شریک ہوئے۔

اس موقع پر سندھ حکومت کی طرف سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس اور سیکورٹی ادارے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں، کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 16 ہزار پولیس اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔

Advertisement
الیکشن کمیشن کی طرف سے استفسار کیا گیا کہ کیا وزارت داخلہ سندھ حکومت کی سیکورٹی کے حوالے سے 16 ہزار سیکورٹی فورسز کی ضرورت کو پورا کر سکتی ہے ؟ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے اس حوالے سے آئندہ روز جواب طلب کیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی 16 ہزار سیکورٹی فورسز کی پولنگ اسٹیشنز پر اسٹیٹک ڈیوٹی کی تعیناتی سے متعلق یقین دہانی سے بلدیاتی انتخابات ممکن ہو سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس آج دوبارہ ہو گا جس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کروانے یا نا کروانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکیورٹی حالات اور بلدیاتی انتخابات میں عوامی جذبات کی شدت کی وجہ سے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج اور رینجرز کی Static تعیناتی اشد ضروری ہے،بلدیاتی انتخابات میں عمومی طور پر جذبات کی وجہ سے جھگڑے اور ہنگامہ آرائی ہوتی ہے۔

کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول ہیں، سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات 3 ماہ کے لیے ملتوی کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو تین مراسلے بھجوا چکی ھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں