وطن نیوز انٹر نیشنل

چیف سلیکٹر کاعہدہ؛ محمد اکرم پر پی سی بی کی نظرکرم پڑنے لگی

مصباح الحق کے ایک عہدہ چھوڑنے پر نئے چیف سلیکٹر کیلیے محمد اکرم کا نام زیر غور ہے، سابق پیسر9 ٹیسٹ اور 23 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں،وہ پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی سے بطور ڈائریکٹر وابستہ ہیں،اکرم قومی ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار تاہم فرنچائز ٹیم کا عہدہ بھی ساتھ جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں، اس سے قبل مصباح الحق بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ منسلک رہے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ برطانیہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے والے محمد اکرم پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کے دوستوں میں شمار ہوتے ہیں، وہ تارکین وطن دوستوں پر ہی زیادہ اعتماد کرتے ہیں، محمد اکرم سے پہلے ندیم خان،ثقلین مشتاق، محمد زاہد اور عتیق الزمان کا تعلق بھی انگلینڈ سے ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے معاملے پر یوٹرن لیتے ہوئے پرانا سسٹم بحال کرنے کیلیے مشاورت شروع کردی ہے، صوبائی ہیڈ کوچز پر مشتمل سلیکشن کمیٹی ختم کرکے ماضی کی طرح غیر جانبدار ارکان پر مشتمل نئی کمیٹی بنانے کا امکان ہے جو4 سے 5 اراکین پر مشتمل ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں