وطن نیوز انٹر نیشنل

دورہ پاکستان: زمبابوین ٹیم کو اضافی رقم نہ دینے کا فیصلہ

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ 2021 ء میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کی ذمہ داری بھارتی حکومت کی ہے ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو وقت پر ویزے مل جائیں گے اور جنوری میں پی سی بی کو اس معاملے کا علم بھی ہو جائے گا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کے ساتھ باہمی سیریز اگلے چار سال تک نہیں ہو سکتی ہے کیونکہ بھارت سے کرکٹ ہمارے اختیار میں نہیں ، یہ فیصلہ پڑوسی ملک کو کرنا ہے ۔خیال رہے کہ عالمی وبا ء کورونا کے باعث آسٹریلیا میں نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ دریں اثناء پی سی بی ہوم سیریز کیلئے زمبابوین ٹیم کو اضافی رقم نہیں دے گا۔ دوہزار پندرہ اور دوہزار اٹھارہ میں ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ورلڈ الیون اور زمبابوے کو دورہ کرنے پر پی سی بی کی جانب سے بھاری ادائیگیاں کی گئی تھیں۔وسیم خان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پرکشش معاوضے دے کر پاکستان لانے کے بجائے یہ رقم قومی ویمنز کرکٹ، انفرا اسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل کھلاڑیوں کے معاہدوں میں بہتری اور ورلڈ کلاس کوچ ایجوکیشن پروگرامز پر خرچ کرنا بہتر ہے ۔ ایک سوال پر وسیم خان نے امید ظاہر کی کہ کرکٹ جنوبی افریقہ میں انتظامی بحران کے باوجود باہمی سیریز متاثر نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں