وطن نیوز انٹر نیشنل

بھارت میں ورلڈ کپ؛ پاکستان نے ویزوں کیلیے ڈیڈ لائن دیدی

ایک بھارتی خبررساں ادارے سے بات چیت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہاکہ آئندہ برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے پاکستانی پلیئرز و سپورٹنگ اسٹاف کے ویزوں کی یقین دہانی کیلیے ہم نے آئی سی سی سے کہا ہے،اس حوالے سے دسمبر، جنوری تک تصدیق کرا لینی چاہیے، ہمیں توقع ہے کہ آئی سی سی ایسا کرلے گی، اگر تصدیق نہیں ہوتی تو پھر گورننگ باڈی کو براہ راست بھارتی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ حل کرانا ہوگا، معاہدے کے تحت میزبان ملک کو تمام شرکا کے ویزوں اور رہائش کا انتظام کرنا ہوتا ہے۔

چیئرمین آئی سی سی کی پوسٹ کے حوالے سے پی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان اختلافات کے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ گورننگ کونسل اور دیگرفورمز پر دونوں بورڈز کی بات چیت ہوتی رہتی ہے، میں نہیں جانتا کہ چیئرمین کے الیکشن کے حوالے سے کوئی اختلاف ہے۔ اس بارے میں فیصلہ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کو کرنا ہوگااور مجھے کوئی علم نہیں ہے۔
وسیم خان نے بھارت کے ساتھ کرکٹ روابط کی بحالی کے حوالے سے کہا کہ حقیقت پسندانہ طور پر دیکھیں تو اس کا مستقبل قریب میں کوئی امکان نہیں ہے،فیوچر ٹور پروگرام کے 2023 سے شروع ہونے والے اگلے دورانیہ میں بھی کوئی باہمی سیریز نہیں ہوگی، اس صورتحال میں صرف تب ہی تبدیلی ہوسکتی جب بھارتی حکومت کی سوچ بدل جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں