وطن نیوز انٹر نیشنل

خشک ہوائیں چلتے ہی میوہ جات کی مانگ بڑھ گئی

کراچی میں خشک ہواؤں کے چلنے کے بعد خشک میوہ جات کی مانگ میں اضافہ ہو گیا، جبکہ گزشتہ سال کی نسبت اس بار مونگ پھلی اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں خشک اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے بعد گلی محلوں میں مونگ پھلی اور دیگر خشک میوہ جات کے ٹھیلے نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے خشک میوہ جات فروخت کرنے والے شمس اللہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال صرف مونگ پھلی کی قیمت میں 100 سے 150 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت چکوال کی مونگ پھلی کی قیمت 500 روپے فی کلو ہے ، جبکہ ایک ماہ بعد پارہ چنار کی مونگ پھلی آنا شروع ہو جائے گی اس کی قیمت تقریباً 600 روپے فی کلو کے لگ بھگ مقرر کی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال چکوال کی مونگ پھلی کی قیمت 400 روپے کلو تھی، اس بار اس کی قیمت میں 100 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جبکہ پارہ چنار کی مونگ پھلی میں بھی 100 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ سال بچوں کے لئے 10 سے 20 روپے میں مونگ پھلی دستیاب تھی تاہم اس سال موسم سرما میں شاید یہ ممکن نہیں ہو گا۔ اس حوالے سے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کے باعث وہ بھی خشک میوہ جات مہنگے فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں