وطن نیوز انٹر نیشنل

آتشزدگی کے مختلف واقعات, 6 گاڑیاں اور لاکھوں کا سامان جل گیا

کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات میں چھ گاڑیاں خاکستر ہوگئیں ، گلشن اقبال میں اسپتال میں بھی آگ لگ گئی، سائٹ میں کپڑے بنانے کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، تاہم کسی بھی واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح ناگن چورنگی فلائی اوور کے نیچے کھڑی ہوئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی ، ابتدائی طور پر موقع پر موجود افراد نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر فائر بریگیڈ کو مطلع کیا گیا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ایک گاڑی موقع پر روانہ کردی گئی ، ابتدائی طور پر پہلے ایک گاڑی میں آگ لگی جس کے بعد اس نے دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر پانچ گاڑیاں خاکستر ہوگئیں۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر گاڑی کی وائرنگ سے آگ لگی۔ سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال(نیپا) کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آگ لگ گئی جس پر فوری قابو پالیا گیا، وارڈ میں داخل مریضوں کو دوسرے وارڈ میں شفٹ کردیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان سندھ ریسکیو اینڈ میڈیکل سروسز کے مطابق نیپا چورنگی پر واقع سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آگ لگ گئی، آگ اسپتال کے گراؤنڈ فلور پر آئی سی یو میں لگی جس کے بعد آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کو اسپتال کی پہلی منزل پر آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا، جبکہ سول اسپتال ٹراما سینٹر اور ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کرنے کے انتظامات کئے گئے۔ اس موقع پر مریضوں کو دوسرے اسپتال منتقل کرنے کے لئے سندھ ریسکیو اینڈ میڈیکل سروسز کی 5 ایمبولینسیں بھی نیپا اسپتال پہنچیں۔سائٹ کے علاقے رشید آباد میں واقع چیری انڈسٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی دوگاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فائربریگیڈ کے عملے کے مطابق مذکورہ فیکٹری میں کپڑے بنائے جاتے ہیں اور تاحال آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا تاہم آتشزدگی میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ حسین آباد میں بھی ایک گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، موقع پر موجود افراد نے آگ پر قابو پالیا ، آگ گاڑی کی وائرنگ میں لگی جس نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں