وطن نیوز انٹر نیشنل

روزگارسکیم :سمال انڈسٹریز کارپوریشن، پنجاب بینک میں معاہدہ : 16 لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہونگے : بزدار

لاہور:تیس ارب روپے کی پنجاب روزگار سکیم کے حوالے سے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اوربینک آف پنجاب میں معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔وزیراعلیٰ پنجاب مہمان خصوصی تھے ۔معاہدے پر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ایم ڈی جمیل احمد جمیل اوربینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے دستخط کئے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ پنجاب کی تاریخ کی یہ سب سے بڑی روزگار سکیم ہے ۔30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے ۔ 16 لاکھ سے زائد لوگوں کو رو زگار ملے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی نہیں بلکہ چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کے مالکان بھی اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیں گے ۔پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اوربینک آف پنجاب کے اشتراک سے ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے انتہائی کم شرح سود پر فراہم کئے جائیں گے ۔ قرضے کی واپسی کی شرائط بھی آسان اورقابل قبول ہوں گی۔پنجاب روزگار سکیم کے ذریعے ٹیکسٹائل کے 26سب سیکٹرز سمیت23مختلف شعبوں کے 339سب سیکٹرزکیلئے کاروبار،تجارت اورمینوفیکچرنگ کے لئے چھوٹے قرضے دیئے جائیں گے ۔پنجاب روز گار سکیم ایک گیم چینجر ثابت ہو گی۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے حتمی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کے ازالے کیلئے میکانزم تین روز میں تشکیل دیا جائے ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھرمیں بلند عمارتوں،پلازوں اوربڑے شاپنگ مالز میں فائر سیفٹی انتظامات کی انسپکشن ہوگی۔ عثمان بزدار نے محکمہ داخلہ پنجاب کوعمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ تحصیل،ا ضلاع اورڈویژن کی سطح پر قائم تمام ہائی رائز بلڈنگز،پلازوں اورشاپنگ مالزکا جامع سروے کیا جائیگا۔ عمارتوں میں محکمہ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں فائر سیفٹی انتظامات کو چیک کیا جائے گا۔عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے سروے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کی تقریبات مذہبی جوش و خروش اورعقیدت و احترام سے منائی جائیں گی۔ 12ربیع الاول کو صوبہ بھر میں سیرت کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا۔اضلاع اورتحصیلوں میں سیرت النبیؐ کے حوالے سے خصوصی پروگرام ہوں گے ۔صوبائی وزراء اورپار لیمنٹیرین اپنے اضلاع میں منعقد ہونیوالی سیرت کانفرنسوں میں شرکت کریں گے ۔ عثمان بزدار نے پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے محفوظ پاکستان ہمارا مشن ہے ۔ پولیو جیسے موذی مرض کامکمل خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ بچوں کوصحت مند مستقبل دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کا ر لا ئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے ۔ آج کے دن معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں