وطن نیوز انٹر نیشنل

چپ تعزیہ کے جلوس کے لیے ٹریفک کے انتظامات مکمل

کراچی ترجمان ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف ٹریفک پولیس کراچی کے اعلامیہ کے مطابق پیر (آج) کو چپ تعزیہ کے جلوس کے موقع پر کراچی ٹریفک پولیس نے عوام کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ ماتمی جلوس نشترپارک سے 30 : 06 بجے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نور باغ مسافر خانہ موسیٰ لائن میں اختتام پذیر ہوگا، جلوس جب حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچے گا تو وہاں ایک مجلس منعقد ہوگی اور بعدازاں اختتام مجلس یہ جلوس نور باغ مسافر خانہ پہنچے گا۔ مرکزی جلوس کا روٹ نشترپارک، سرشاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جیمنس روڈ، شاہ خراسان، ایم اے جناح روڈ ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، کیپری، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، تبت چوک، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، نواب محبت خانجی روڈ سے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق جیسے ہی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوگا شہر کی جانب سے آنے والی تمام ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈ سے آگے آنے نہیں دیا جائے گا اور اسے جوبلی یا نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ کسی بھی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ اور اس کے جنکشن پریڈی اسٹریٹ سے جانے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک کہ جلوس مکمل طور پر بمبئی بازار میں داخل نہیں ہو جاتا۔ گارڈن کی جانب سے آنے والی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں