وطن نیوز انٹر نیشنل

باغ ابن قاسم شہریوں کیلئے کھول دیا گیا, داخلہ مفت

کراچی ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کلفٹن پر واقع باغ ابن قاسم پارک کو شہریوں کے لئے آج سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کا اس وسیع و عریض پارک میں داخلہ مفت ہوگا، شہریوں سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی، پارک کا ٹائم صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگا۔ یہ بات انہوں نے باغ ابن قاسم کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہی۔ ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعو د عالم اور محکمہ پارکس کے مختلف افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارک کے الگ الگ حصوں کو دنیا کے مختلف ممالک کے نام سے منسوب کیا جائے گا اور ان ملکوں کویہ دعوت دی جائے کہ وہ پارک کے اس حصے کی دیکھ بھال کریں اور اپنے کلچر اور ہیریٹیج کے مطابق پارک کے اس حصے کو بنائیں تاکہ کراچی اور پاکستان کے مختلف شہروں سے آنے والے افراد اس ملک کی تہذیب و ثقافت اور تاریخی ورثے سے آگاہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے مختلف ملکوں کے قونصل جنرلز سے گفتگو کی ہے اور وہ اس سلسلے میں کے ایم سی کی مدد کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ صرف اس پارک کی دیکھ بھال ہوگی بلکہ اس کی کشش اور خوبصورتی بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں کھانے پینے کی اشیا کے لئے بھی موو ایبل اسٹالز لگانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو پارک میں کھانے پینے کی اشیا میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اسٹال ہولڈرز کو کنسٹرکشن اور سول ورک کی اجازت نہیں ہوگی اور پارک کا مقرر کردہ وقت ختم ہونے کے بعد یہ اپنے اسٹال کو وہاں سے لے جاسکیں گے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں مختلف نوعیت کے ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ان میں شرکت کا موقع ملے اور اپنا بہترین وقت یہاں گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں مختلف نوعیت کی میٹنگز اور سرکاری پروگرامز بھی منعقد کئے جائیں تاکہ انتہائی کم اخراجات میں ان پروگراموں کا انعقاد ممکن ہوسکے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ پارک کے پچھلے حصے سے فوری طور پر ملبہ ہٹا کر لیولنگ کی جائے، گھاس اور پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں جو بھی پودے لگائے جائیں انہیں ترتیب اور پلاننگ کے ساتھ لگایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں