وطن نیوز انٹر نیشنل

پارکوں کی نگرانی کیلئے باغبان کمیٹی کی تشکیل شروع

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کی ہدایت پر کراچی کے پارکس کی حفاظت اور نگرانی کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی باغبان کی تشکیل شروع کردی گئی ہے جس کے تحت مختلف پارکس کو چلانے کے عمل میں مقامی آبادی کو شمولیت کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر بلدیہ عظمیٰ کراچی طحہٰ سلیم نے ٹوکے پارک ناظم آباد میں لوکل کمیٹی باغبان کا تیسرا گروپ تشکیل دیا اور اس موقع پر کمیٹی میں شامل کئے گئے افراد کو مخصوص جرسی دی، جس پر کے ایم سی پارک نمایاں الفاظ میں تحریر کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پارکس نے اس موقع پر کہا کہ مقامی افراد پر مشتمل پارکس کی نگراں کمیٹی کے قیام کے نتائج نہایت حوصلہ افزا رہے ہیں اور اس کا ثبوت ہل پارک اور سرسید پارک کے لئے بنائی گئی باغبان کمیٹیاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقائی سطح پر لوگوں کی تفریح کے لئے بنائے گئے پارکس کی نگہداشت اور انہیں بہتر بنانے کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کا اقدام ہمارے پارکس کو طویل عرصے تک سرسبز و شاداب اور صاف ستھرا رکھنے میں مدد گار ہوگا اور اس کے ساتھ ہی عوام کی سہولت اور بچوں کی تفریح کے لئے ان پارکس میں فراہم کی گئی سہولیات نہ صرف برقرار رہیں گی بلکہ ان میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتری بھی آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں