وطن نیوز انٹر نیشنل

کورونا ٹیسٹنگ کے نتائج کلیئر, فخر زمان زمبابوے کیخلاف بڑے اسکورز کیلئے پرعزم

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے سیریز سے قبل گزشتہ روز کورونا ٹیسٹنگ کے تمام نتائج کلیئر ہو گئے ،زمبابوین ٹیم کیخلاف بڑے اسکورز کیلئے پرعزم قومی اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہیہ دعویٰ نہیں کرتا کہ عالمی ریکارڈ قائم کر دوں گا مگراپنے خاص دن کچھ بھی کر دکھانا ممکن ہوتا ہے ،کبھی محسوس نہیں ہوا کہ ٹیم میں میری جگہ کو کوئی خطرہ ہے ،واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے 107 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے نتائج منفی آئے ہیں جن کو بائیو ببل کا حصہ بنا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 30 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی کوویڈ 19ٹیسٹنگ کے بعد دونوں ٹیموں کے 107کھلاڑیوں اور آفیشلز کے نتائج منفی آگئے ہیں جن کو بائیو سیکیور ببل میں داخلے کا موقع مل گیا جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی بھی آزادی حاصل ہے ۔واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑی 26 اکتوبر کو لاہور میں جاری کیمپ ختم کرکے جبکہ مہمان زمبابوین پلیئرز راولپنڈی سے اسلام آباد پہنچ کر مقامی ہوٹل میں یکجا ہوئے تھے جنہوں نے ٹیسٹنگ کلیئر ہونے کے بعد گزشتہ روزمیدان سنبھالنے پر آپس میں ملاقات اور بات چیت کرکے بھی وقت گزارا ۔پاکستانی اور زمبابوین کرکٹرز نے آئی سی سی ورلڈ کپ سپرلیگ کے سلسلے میں شیڈول ون ڈے سیریز کیلئے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا بھی آغاز کردیا اور کوچز کی زیرنگرانی دوپہر ایک بجے سے چار بجے کے درمیان کھیل کے مختلف شعبوں میں اپنی مہارت کو بہتر بنایا جس میں ران کی انجری سے دوچار نائب کپتان شاداب خان شامل نہیں تھے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی وضاحت کردی کہ کسی بڑے ہدف پر نگاہیں جمائے بغیر وہ زمبابوے کیخلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں گہرے اثرات مرتب کرنا چاہتے ہیں اور انہیں سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ملک میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ شروع ہونے جا رہی ہے ۔فخر زمان کا کہنا تھا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دو مختلف فارمیٹس ہیں تاہم انہیں قومی ٹیم کے ساتھ مشق کر کے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے جبکہ وہ عابدعلی،امام الحق اور بابر اعظم کے ساتھ کافی عرصے سے کھیل رہے ہیںلہٰذا ہر ایک سے اچھی ہم آہنگی ہے اور سب ہی بہترین کارکردگی کی خواہش رکھتے ہیں۔دو سال قبل زمبابوے کیخلاف ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے فخر زمان کا کہنا تھا کہ وہ کوئی بڑا کارنامہ انجام دینے کا دعویٰ تو نہیں کرتے مگر اپنے خاص دن کچھ بھی کردکھانا ممکن ہوتا ہے لہٰذا امید ہے کہ وہ زمبابوے کیخلاف سیریز میں اپنے گہرے اثرات مرتب کریں گے کیونکہ وہ ٹیم انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق کھیلتے ہیں۔بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ تو نہیں کہنا چاہتے کہ مہمان ٹیم کیخلاف کوئی عالمی ریکارڈ قائم کر ڈالیں گے لیکن اپنے خاص دن کچھ بھی کردکھاناممکن ہو سکتا ہے ۔ زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے اسکوڈ میں حیدرعلی اور عبداللہ شفیق کی شمولیت کو خطرہ نہ سمجھتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ انہیں قطعی نہیں لگتا کہ ٹیم میں ان کی جگہ کو کوئی خطرہ ہے کیونکہ ان کا مقصد ہمیشہ یہی ہوتا ہے کہ ٹیم کیلئے سو فیصدی کارکردگی دکھائی جائے اور ایسا کرتے ہوئے انہیں کوئی فکر نہیں ہوتی کہ کون سا کھلاڑی کارکردگی دکھا رہا ہے یا نہیںکیونکہ ان کے خیال میں یہ ایک اچھے پہلو کی نشاندہی ہے کہ ٹیم میں مختلف پوزیشنوں کیلئے مقابلہ بڑھ رہا ہے اور یقین ہے کہ جلد ہی مزید نئے کھلاڑی سامنے آکر دیگر پوزیشنوں کیلئے بھی مقابلے کا رجحان سخت بنا دیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں