وطن نیوز انٹر نیشنل

کورونا کیخلاف جنگ جیت چکے ، مزید احتیاط کی ضرورت : صدر

لاہور میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ جیت چکے لیکن مزید احتیاط کی ضرورت ہے ، کورونا وبا کے نقصانات کے حوالے سے پاکستان اور بھارت میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ عارف علوی نے کورونا وبا کے دوران نمایاں کارکردگی اور قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کورونا ہیروز وال کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کامیاب حکمت عملی سے کورونا وبا پر قابو پایا اور اس وبا کے دوران پاکستان پر اللہ کاخصوصی کرم رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب غریبوں اور مستحق افراد کا خیال رکھا جا تا ہے تو اس معاشرے میں اللہ کا خاص کرم ہوتا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کے دوران غریبوں کا خیال رکھا گیا جبکہ بھارت نے سخت لاک ڈاؤن لگا کر غریبوں کی پروا نہیں کی۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو کورونا کے حوالے سے دیکھا جائے تو بھارت میں کورونا مریضوں اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے لیکن پاکستان نے اپنی کامیاب حکمت عملی سے کورونا وبا پر قابو پایااور آج پوری دنیا اس کا اعتراف کررہی ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وبا کا خطرہ ابھی بھی موجود ہے ضرورت اس بات کی ہے کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے جو بھی ایس او پیز ہیں ان پر عمل درآمد کیا جائے ۔ عارف علوی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 73 سال سے ہندوستانی افواج نے کشمیر کو ایک کھلی جیل ، کشمیریوں کو محکوم ، قتل، زیادتی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہوا ہے ،ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کئے جانے تک اْن کے ساتھ کھڑے ہیں، تنازع کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہی ممکن ہے ، تاریخ اور وقت کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کئے جانے تک اْن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تنازع کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہی ممکن ہے ۔ تاریخ اور وقت کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کی قائل بھارتی حکومت لوگوں کی تقدیر کو ان کی مرضی کے خلاف نہیں لکھ سکتی۔بھارتی سیاستدانوں کی طرف سے حالیہ اشتعال انگیزی بی جے پی کی توسیع پسندانہ ذہنیت کی عکاس ہے ۔پنجاب کے خصوصی تعلیم اور سماجی بہبود کے محکموں کی معذوری سے متعلق بریفنگ کے دوران انہوں نے خصوصی بچوں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے انہیں عام سکولوں میں تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم سے خصوصی افراد کو نوکریاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے پچھلے دو سالوں میں 62 نئی بسیں مہیا کیں اور 14 خصوصی تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں