وطن نیوز انٹر نیشنل

کورونا سے متعلق بھرپورآگاہی مہم چلائی جائے ،افتخارشالوانی

کراچی ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام اسپتالوں اور دیگر طبی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ کوویڈ19 کے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلائیں اور شہریوں کو خاص طور پر عوامی مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کریں تاکہ انہیں کورونا وبا کی دوسری خطرناک لہر سے محفوظ رکھا جاسکے، آگاہی مہم کے دوران سرگرمیوں کی مکمل رپورٹ ہر ہفتے پیش کی جائے۔ یہ بات انہوں نے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کو ہدایات دیتے ہوئے کہی۔ ایڈمنسٹریٹر افتخار شالوانی نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ عوام الناس کو اس بارے میں تفصیلی معلومات مہیا کی جائیں اور انہیں ہر ممکن ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے تیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موثر اقدامات اور بروقت احتیاطی تدابیر کی وجہ سے اس مرض کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم ابھی خطرہ ٹلا نہیں ہے، لہٰذا کورونا کے خلاف مکمل کامیابی حاصل کرنے کے لئے شہری ہرممکن احتیاط سے کام لیں۔ علاوہ ازیں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیف ایگزیکٹو ویمن چیمبر حنا منصب خان کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر افتخار علی شالوانی نے کہا کہ صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں اور ان کی کارکردگی کا گراف مسلسل عروج پر ہے، جس سے امید کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں خواتین کو مزید بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں