وطن نیوز انٹر نیشنل

سموگ:سانس لینا دشوار،شہری بیمار پڑنے لگے

لاہور:شہر میں سموگ بڑھنے سے سانس لینا دشوار جبکہ شہری بیمار پڑنے لگے ،ائرکوالٹی انڈیکس 486 تک پہنچ گیا،لاہور کو ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیدیا گیا۔ تفصیل کے مطابق شہر میں سموگ کے بادل گہرے ہونے سے فضا میں سانس لینا دشوار ہوتا جا رہا ہے ،نزلہ،زکام،کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ سندر انڈسٹریل ا سٹیٹ میں فضائی آلودگی کی شرح 486 تک جا پہنچی ۔اسی طرح ڈیوس روڈ پر ائرکوالٹی انڈیکس 359 ، گلبرگ 343 ،قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ 346 ،اپر مال 300 ،ائرپورٹ پر 327 ریکارڈ کیا گیا۔ شہر ایک ماہ کے دوران 16 دفعہ آلودہ ترین قرار دیا گیا ہے ۔طبی ماہرین نے کہا اس صورتحال میں شہری ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ ڈاکٹر زرفیشہ طاہر کا کہنا تھا سموگ اس سال شدت سے واپس آئی ہے ،مریضوں کی تعداد بھی زیادہ دیکھنے میں آ رہی ہے ،نزلہ،زکام ، کھانسی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جب تک بارش نہیں ہو تی صورتحال ایسے ہی رہے گی۔ادھر ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ کو بریفنگ دی گئی کہ اکتوبر میں سموگ کے اسباب پر کنٹرول کیلئے ایک کروڑ 17 لاکھ 9سو روپے کے جرمانے ، 2841ایف آئی آرز درج ،23,275 گاڑیوں کے چالان ،3706 گاڑیاں بند کی گئیں جبکہ 204 صنعتی یونٹ سیل کئے گئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں